لیام لیونگ سٹون گھٹنے کی انجری کے باعث پاکستان کیخلاف بقیہ ٹیسٹ سیریز سے باہر

انگلینڈ نے ابھی تک لیونگ سٹون کے متبادل کا اعلان نہیں کیا ہے

اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک ) انگلش آل راؤنڈر لیام لیونگسٹون پاکستان کے ساتھ جاری ٹیسٹ سیریز کے دوران مزید دستیاب نہیں ہوں گے کیونکہ وہ افتتاحی میچ کے دوران گھٹنے کی انجری میں مبتلا ہو گئے تھے۔ آل راؤنڈر پہلے ٹیسٹ میں انگلش ٹیم میں ڈیبیو کرنے والوں میں شامل تھے۔ کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق، میچ کے دوسرے دن فیلڈنگ کے دوران لیونگ اسٹون نے اپنے گھٹنے کو زخمی کر دیا تھا۔

آل راؤنڈر کو سکین سے نقصان کی حد کا پتہ چلنے کے بعد سیریز سے باہر کردیا گیا۔ توقع ہے کہ وہ منگل کو برطانیہ واپس آئیں گے اور انگلش کرکٹ بورڈ اور لنکاشائر میڈیکل ٹیموں کی نگرانی میں بحالی کا پروگرام شروع کریں گے۔ انگلینڈ نے ابھی تک لیونگ سٹون کے متبادل کا اعلان نہیں کیا ہے۔ انگلش سائیڈ، جو 2005ء کے بعد پہلی بار ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کر رہی ہے، نے پاکستان کو 343 رنز کا ہدف دیا ہے۔