برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کا پاک انگلینڈ ٹیموں کے اعزاز میں عشائیہ

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں عشائیہ دیا جس میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بھی شرکت کی۔ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے وفاقی وزیر اطلاعات سے ملاقات کی، وفاقی وزیر اطلاعات نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد پر خیرمقدم کیا۔

وفاقی وزیراطلات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 17 سال بعد تاریخی ٹیسٹ سیریز کے لئے پوری قوم پرجوش ہے، پاکستان میں کرکٹ کا جنون ہے، پوری دنیا جانتی ہے کہ پاکستانی عوام کس طرح کرکٹ سے والہانہ لگاﺅ رکھتے ہیں، پاکستان انٹرنیشنل کرکٹ کے لئے بہترین جگہ ہے، حکومت پاکستان انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو بہترین سکیورٹی فراہم کر رہی ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے حالیہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور انگلینڈ کرکٹ ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا۔ انگلش کپتان بین اسٹوکس کا کہنا تھا کہ بہترین مہمان نوازی پر پاکستان کے عوام کے مشکور ہیں، سکیورٹی تسلی بخش ہے، بہترین کرکٹ کھیلنے کیلئے پرامید ہیں۔ پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو خوش آمدید کہتے ہیں۔