ارشد شریف کے پوسٹمارٹم کی ابتدائی رپورٹ آج جاری کی جائے گی

پمز ہسپتال کے 8 رکنی میڈکل بورڈ نے ارشد شریف کا پوسٹمارٹم کیا تھا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) صحافی ارشد شریف کے پوسٹمارٹم کی ابتدائی رپورٹ آج جاری کی جائے گی،میڈیکل بورڈ ارشد شریف کے پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ جاری کرے گا۔ارشدشریف کے پوسٹ مارٹم کیلئے قائم میڈیکل بورڈ کا اجلاس ہو گا جس میں ارشد شریف کے پوسٹ مارٹم کے اہم نکات پر غور کیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ میڈیکل بورڈ ارشد شریف کی ایکسرے اور سی ٹی اسکین رپورٹ پر غور کیا جائے گا۔
میڈیکل بورڈ بورڈ ٹیسٹ نتائج اور پوسٹ مارٹم کے نکات پرابتدائی رپورٹ جاری کرے گا۔میڈیکل بورڈ نے پوسٹ مارٹم کے بعد ارشد شریف کے جسمانی اعضا کا فرانزک ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔فرانزک ٹیسٹ کیلئے ارشد شریف کے جسمانی اعضا کے سیمپلز لے لئے گئے۔
واضح رہے کہ گزشہ روز ارشد شریف کا پمز ہسپتال میں پوسٹمارٹم کیا گیا،ڈاکٹر وقار کی سربراہی میں پمز ہسپتال کے آٹھ رکنی میڈیکل بورڈ نے پوسٹ مارٹم کیا۔

ایکسرے بورڈ کی سفارش پرفُل باڈی سی ٹی اسکین اور مختلف ہڈیوں کا ایکسرے کیا گیا۔ڈائریکٹر پمز کا کہنا تھا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے میں وقت درکار ہوتا ہے۔ دوسری جانب سینئر صحافی ارشد شریف کا جسد خاکی ان کی رہائش گاہ پہنچا دیاگیا جہاں اہل خانہ ارشد شریف کا آخری دیدار کریں گے۔نجی ہسپتال سے ایمبولینس کے ذریعے جسد خاکی ان کی رہائشگاہ پہنچایا گیا۔
اس موقع پر نجی ہسپتال میں پولیس، ایف سی کی بھاری نفری تعینات تھی جبکہ ارشد شریف کے گھر پر تعزیت کیلئے لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، ارشد شریف کے گھر کے باہر شہریوں نے اظہار محبت کے لئے پھولوں کے ڈھیر لگا دیے ہیں۔گزشتہ روز ارشد شریف کی والدہ نے ویڈیو پیغام میں درخواست کی تھی کہ پہلے میرے گھر آئیں،پھر نماز جنازہ میں شریک ہوں،جبکہ ارشد شریف کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر دو بجے اسلام آباد کی فیصل مسجد میں ادا کی جائے گی۔ خیال رہے کہ ارشد شریف کا جسد خاکی پرسوں رات پاکستان پہنچایا گیا جہاں اسلام آباد ائیرپورٹ پر اہل خانہ نے میت وصول کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں