ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے پاک بھارت میچ کا انعقاد کھٹائی میں پڑ گیا

میلبرن میں جمعرات سے موسلادھار بارش کی پیشن گوئی، اتوار 23 اکتوبر کو بھی بارش ہونے کا امکان

میلبرن (سپورٹس ڈیسک) ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے پاک بھارت میچ کا انعقاد کھٹائی میں پڑ گیا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار 23 اکتوبر کو شیڈول پاکستان اور بھارت کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ٹاکرے کے انعقاد پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ میڈیا کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سلسلے میں 23 اکتوبر بروز اتوار کو پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں آسٹریلیا کے میلبرن کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گی، تاہم میلبرن میں موسلادھار بارشوں کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔
آسٹریلین شہر میلبرن میں جمعرات سے موسلادھار بارش کی پیشن گوئی کی گئی ہے، اتوار 23 اکتوبر کو بھی بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بارش کی وجہ سے میچ متاثر ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کو 1، 1 پوائنٹ دے دیا جائے گا۔
بتایا گیا ہے کہ میلبرن کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول پاک بھارت میچ کے تمام ہی ٹکٹس پہلے ہی فروخت ہو چکے۔ واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر انتظام میگا ایونٹ ٹی20 ورلڈکپ میں قومی ٹیم اپنا پہلا وارم اپ میچ پیر کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گی، جبکہ دوسرا میچ 19 اکتوبر کو افغانستان سے شیڈول ہے۔

گرین شرٹس اپنے دونوں پریکٹس میچز گابا کرکٹ گرانڈ میں کھیلے گی، جو پاکستانی وقت کے مطابق بالترتیب 1:30 اور صبح 8:30 بجے کھیلے جائیں گے۔ اس کے بعد قومی ٹیم میگا ایونٹ میں 5 گروپ میچز کھیلے گی جبکہ اپنی باقاعدہ مہم کا آغاز 23 اکتوبر کو بھارت کے خلاف میچ سے کرے گی، جو میلبرن کے تاریخی کرکٹ گرائونڈ میں کھیلا جائے گا۔ قومی ٹیم کا اگلا میچ 27 اور 30 اکتوبر کو ورلڈکپ کوالیفائر میں شامل ہونے والی ٹیموں سے ہوگا جن کے نام ابھی فائنل نہیں ہوئے ہیں، یہ دونوں میچز پرتھ میں کھیلے جائیں گے۔ گرین شرٹس 3 نومبر کو جنوبی افریقہ کے مدمقابل آئے گی، یہ میچ سڈنی کرکٹ گرانڈ میں کھیلا جائے گا جس کے بعد پاکستان اپنا آخری گروپ میچ 6 نومبر کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں