سہ ملکی سیریز؛ پاکستان نے بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے کی نصف سنچریز سکور کیں، محمد نواز نے بھی جیت میں اہم کردار ادا کیا

کرائسٹ چرچ (سپورٹس ڈیسک) نیوزی لینڈ میں جاری سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری گروپ میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ تفصیلات کے مطابق کرائسٹ چرچ نیوزی لینڈ میں کھیلی جارہی تین ملکی سیریز کے چھٹے میچ میں بنگلہ دیش کی جانب سے دیے گئے 174 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کے اوپنرز محمد رضوان اور کپتان بابراعظم نے ایک اور سینچری پارٹنرشپ قائم کی، بابراعظم 55 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور محمد رضوان نے 69 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ میچ کے اختتامی اوورز میں قومی آل راؤنڈر محمد نواز نے 20 گیندوں پر 45 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر پاکستان کا کامیابی دلادی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے حسن محمود نے 2 اور سومیا سرکار نے ایک وکٹ حاصل کیں۔
اس سے پہلے بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستان کو مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز کا ہدف دیا، بنگلہ دیش کی جانب سے اوپننگ کرتے ہوئے نجم الحسن شانتو 12 اور سومیا سرکار 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے تاہم ان کے بعد آنے والے بلے باز لٹن داس نے 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے اپنی ففٹی مکمل کی اور 42 گیندوں پر 62 رنز کی اننگز کھیل اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا اس کے علاوہ کپتان شکیب الحسن نے بھی 63 رنز بنائے، بنگلہ دیش کی اننگز کے آخری لمحات میں عفیف حسین 11 رنز اور یاسر علی 1 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، نور الحسن 2 اور محمد سیف الدین 1 رن بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے محمد وسیم اور نسیم شاہ نے 2، 2 جب کہ محمد نواز نے 1 وکٹ حاصل کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں