کوئٹہ میں معروف ڈاکٹر کے 3 بیٹوں کو قتل کرنے کا معاملہ، مقتولین کا سگا بھائی ہی قاتل نکلا

قاتل نے جائیداد کی لالچ اور بھائیوں کے ساتھ ہونے والے جھگڑوں کی وجہ سے انتہائی قدم اٹھایا، اعتراف جرم بھی کر لیا

کوئٹہ (کرائم ڈیسک) کوئٹہ میں معروف ڈاکٹر کے 3 بیٹوں کو قتل کرنے کا معاملہ، مقتولین کا سگا بھائی ہی قاتل نکلا۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ایک معروف ڈاکٹر کے 3 بیٹوں کے قتل کی لرزہ خیز واردات کی تحقیقات کے دوران پیش رفت ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے قاتل نے اعتراف جرم کر لیا، جبکہ یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ قاتل مقتولین کا اپنا ہی بھائی ہے۔
پولیس کے مطابق قاتل نے جائیداد کی لالچ، روک ٹوک اور بھائیوں کے ساتھ ہونے والے جھگڑوں کی وجہ سے اپنے کزن کے پستول سے فائرنگ کر کے بھائیوں کو قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق قتل کی واردات کے وقت گاڑی میں 5 افراد موجود تھے جن میں 3 مقتولین، 1 قاتل اور پانچواں شخص ان کا ڈرائیور تھا۔
پولیس کے مطابق قاتل نے بھائیوں کے علاوہ ڈرائیور کو بھی قتل کرنے کی کوشش کی تھی، تاہم شدید زخمی حالت میں ہسپتال پہنچنے والا ڈرائیور موت کے منہ میں جانے سے بچ گیا۔

پولیس نے تین بھائیوں کے قاتل کو گرفتار کرکے اسلحہ بھی برآمد کر لیا ہے،ملزم سے مزید مزید تفتیش جاری ہے۔ واضح رہے کہ کوئٹہ میں معروف ڈاکٹر کے تین بیٹوں کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔یہ افسوسناک واقعہ کوئٹہ کے علاقے جوائنٹ روڈ پر پیش آیا جہاں شادی کی ایک تقریب میں شرکت کے بعد گھر واپس جانے والے تینوں بھائیوں کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ چمن سے تعلق رکھنے والے آرتھو پیڈک ڈاکٹر ناصر اچکزئی کی فیملی شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد جوائنٹ روڈ پر واقع ریلوے ہاؤسنگ سوسائٹی واپس آ رہی تھی کہ گھر کے قریب ان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی گئی۔ فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں میں ڈاکٹر ناصر اچکزئی کا 20 سالہ، 18 سالہ اور 8 سالہ بیٹا جاں بحق ہو گئے تھے۔ آئی جی بلوچستان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی کوئٹہ سے رپورٹ طلب کر لی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں