پاکستان ٹی ٹوئنٹی میچ کے آخری اوور میں 5 رنز کا دفاع کرنے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن گئی

قومی ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف سیریز کے چوتھے میچ میں یہ اعزاز حاصل کیا، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا

کراچی (سپورٹس ڈیسک) پاکستان ٹی ٹوئنٹی میچ کے آخری اوور میں 5 رنز کا دفاع کرنے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن گئی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب کراچی میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کے چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان ایک منفرد اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔ گزشتہ شب پاکستان ناصرف 200 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن گئی، بلکہ میچ کے آخری اوور میں 5 رنز کا کامیابی سے دفاع کرنے والی پہلی ٹیم بھی بند گئی۔
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی 17 سالہ تاریخ میں پاکستان کے علاوہ آج تک دنیا کی کوئی بین الاقوامی کرکٹ ٹیم میچ کے آخری اوور میں صرف 5 یا اس سے کم رنز کا دفاع کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ واضح رہے کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں اتوار کی رات کھیلے گئے7ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 3 رنز سے شکست دیکر سیریز 2-2 سے برابر کردی تھی۔
پاکستان کی جانب سے حارث روف نے انگلینڈ کی اننگ کے 19 ویں اوور میں تباہ کن اور ناقابل فراموش باولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلش ٹیم سے فتح چھیننے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ حارث روف نے 18.3 اور 18.4 اوورز میں یکے بعد دیگرے ڈائوسن اور اسٹون کو آئوٹ کر کے سنسنی پھیلا دی تاہم ہیٹ ٹرک کرنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے اپنے 4 اوورز میں 32 رنز دیکر 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
محمد نواز نے بھی 4 اوورز میں 35رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد حسنین نے 2 اور محمد وسیم نے 1 کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ کراچی میں شیڈول تمام میچز اختتام پذیر ہونے کے بعد پیر کے روز دونوں ٹیمیں لاہور پہنچ گئیں، جہاں سیریز کے بقیہ تینوں میچز کھیلے جائیں گے۔ سیریز کے بقیہ تمام میچز میں فتح حاصل کرنے کی صورت میں پاکستان آئی سی سی رینکنگ میں دوسری پوزیشن حاصل کر سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں