انٹر ڈیپارٹمنٹ نیٹ بال چیمپئن شپ 22 ستمبر سے شروع ہوگی

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام انٹرڈیپارٹمنٹ نیٹ بال چیمپئن شپ 22 ستمبر سے لاہور میں شروع ہوگی اور چیمپئن شپ میں پاکستان آرمی کی ٹیم اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔

پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر آرائیں نے بتایا کہ چیمپئن شپ کی تیاریاں ابھی سے شروع کردی گئی ہیں ۔چیمپئن شپ میں ملک بھر سے مختلف 6 محکموں کی ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں دفاعی چیمپئن پاکستان آرمی، پاکستان ایئرفورس، پاکستان نیوی، پاکستان پولیس، پاکستان ریلوے اور پاکستان واپڈا کی ٹیمیں شامل ہیں۔

ان ٹیموں کو چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے دعوت نامے بھیج دیئے گئے ہیں۔ چیمپئن شپ میں فائنل اور تیسری پوزیشن کے میچز 24 ستمبر کو کھیلے جائیں گے اور چیمپئن شپ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، میڈلز اور اسناد تقسیم کی جائیں گی۔

چیمپئن شپ کے حوالے سے مزید معلومات کے لئے پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل سید گوہر رضا سے رابطہ قائم کیا جاسکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں