ارشد ندیم کو پیرس اولمپکس 2024ء کیلئے بین الاقوامی سکالرشپ مل گئی

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے پیرس اولمپکس 2024ء کے لیے کامن ویلتھ چیمپئن کو سکالرشپ دیا

برمنگھم (ویب ڈیسک ) پاکستان کے اولمپیئن جیولن تھروور اور کامن ویلتھ گیمز (CWG) 2022ء کے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو اتوار کو ان کی تاریخی کارکردگی کا سب سے نمایاں انعام ملا۔ ایک ویڈیو پیغام میں ارشد ندیم نے شیئر کیا کہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (IOC) نے انہیں پیرس اولمپکس 2024ء میں شرکت کی تیاریوں کے لیے اسکالرشپ سے نوازا ہے۔
ارشد ندیم نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ میں بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کی طرف سے سکالرشپ سے نوازا جانے پر فخر محسوس کر رہا ہوں جس سے مجھے پیرس اولمپکس 2024ء کی تیاری میں مدد ملے گی۔ ٹوکیو اولمپکس 2020ء میں پانچویں نمبر پر رہنے والے ارشد نے مزید کہا کہ اس موقع پر میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن، پاکستان سپورٹس بورڈ اور پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کہ انہوں نے میرے لیے اس سکالرشپ کا بندوبست کرنے کی کوشش کی۔

یاد رہے کہ اتوار کو ارشد نے ریکارڈ ساز کارکردگی سے پورے پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ جیولین تھرو کرنے والے 25 سالہ ارشد ندیم نے نہ صرف اپنے ذاتی بہترین ریکارڈ کو بہتر کیا بلکہ 90.18 میٹر کی دوری پر نیزہ پھینک کر کامن ویلتھ گیمز کی تاریخ کا ریکارڈ بھی بنایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں