’جہاں فرح گجر کو ایک پلاٹ ملا وہیں ایاز صادق کو دو پلاٹ ملے‘

کیا ایاز صادق بھی فرح بی بی کے پارٹنر ہیں؟ رہنماء تحریک انصاف فواد چوہدری کا سوال ، لیگی رہنماء کو ملنے والے پلاٹ کی دستاویزات بھی سامنے لے آئے

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء فواد چوہدری نے فرح گوگی کو ملنے والے ایک پلاٹ کے ساتھ مسلم لیگ ن کے رہنماء ایاز صادق کو ملنے والے 2 پلاٹ کی دستاویزات سامنے لے آئے ، انہوں نے کہا کہ کل الزام لگایا گیا فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں احسن گجر اور فرح گجر نے ایک پلاٹ لیا جس کی قیمت زیادہ تھی پر انہوں نے کم قیمت پر لیا ، بڑی دلچسپ بات ہے کہ جہاں فرح کو ایک پلاٹ ملا وہیں ایاز صادق کو 2 پلاٹ ملے ، کیا ایاز صادق بھی فرح بی بی کے پارٹنر ہیں؟۔

فواد چوہدری نے شیریں مزاری کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پہلے کہا گیا سرے محل ہمارا نہیں، جب بیچ کر پیسے ملنے تھے تو آصف زرداری نے کہا وہ ہمارا ہے، حکومت نے کرپشن کے قوانین نہ بنانے کا عزم کیا ہوا ہے، ٹیکس لگنے اور آئی ایم ایف کی شرائط تسلیم کرنے پر کوئی مزاحمت نہیں ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف نے کہا کہ ڈونلڈ لو کے ساتھ کوئی بات کر رہے ہیں ، ڈونلڈ لو سے متعلق خواجہ آصف کے بیان کو بےبنیاد ہے، ملکی سالمیت کا سہارا پاکستان میں عمران خان ہے ، لوگوں پر الزامات لگائے جارہے ہیں ، دلچسپ بات یہ ہے کہ ن لیگ الزامات لگا رہی ہے جب حکومت بنی شہباز شریف نے بیان دیا 20 پلانٹس بند ہیں ، حماد اظہر نے مطالبہ کیا ان پلانٹس کا نام بتائیں لیکن وہ لسٹ ابھی تک نہیں آئی ، پاکستان کا بنیادی مسئلہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہے۔

اس موقع پر تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ عمران خا ن کے گھرکا فون ٹیپ کیا گیا، عمران خان کے خلاف کرپشن پر کچھ نہیں مل رہا تو فیملی کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے، عمران خان اور پرنسپل سیکریٹری کی فون کالز باہر آتی ہیں تو یہ غیر قانونی ہے، فون ٹیپنگ غیر قانونی ہے، عدالت نے اس کے خلاف فیصلہ دیا تھا اور سپریم کورٹ نے فون کالز ریکارڈ کرنے سے منع کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں