وفاقی دارالحکومت میں اراضی تنازعہ، سوسائٹی کے سیکورٹی گارڈ کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

اسلام آباد (کرائم ڈیسک) وفاقی دارالحکومت میں تھانہ شہزاد ٹاؤن کی حدود موضع طمعہ میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن ہاؤسنگ سوسائٹی کی مقامی افراد سے حاصل کردہ اراضی کے تنازعہ کے نتیجہ میں سوسائٹی کے سیکورٹی گارڈ کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ہے ۔ پولیس کے مطابق سوسائٹی کو موضع طمعہ کے مقامی افراد چوہدری تنویر اور چودھری قدیر زمین فراہم کرتے تھے۔
سوسائٹی کو فراہم کردہ زمین کا پورا معاوضہ نہ ملنے پر متاثرین نے منگل کی شام احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ ان کی فراہم کردہ زمین کا سوسائٹی کی طرف سے ابھی پورا معاوضہ ادا نہیں کیا گیا اس لئے سوسائٹی انتظامیہ قبضہ کیلئے پکٹس لگانے سے باز رہے تاہم سوسائٹی انتظامیہ نے زبر دستی پکٹس لگا کر قبضہ کرلیا ۔

چوہدری تنویر اور قدیر سوسائٹی کی پکٹس ہٹانے کے لیے پہنچے تو مبینہ طور پر سوسائٹی کے سیکورٹی گارڈ نے اندھا دھند فائرنگ کرکے چوہدری زاہد حسین ولد رازق نامی شخص کو قتل کردیا ، جس کے بعد مقامی افراد جن میں خواتین بھی شامل بتائی گئی ہیں نے ملزم سعید اللہ پر تشدد کیا۔

پولیس نے واقعہ کے بعد چوہدری تنویر کے ڈیرے پر چھاپا مار کر وہاں سے اسلحہ برآمد کرلیا جبکہ ملزم سیکورٹی گارڈ کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں