اسٹیٹ بینک نے چُھٹی بحال کردی

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے ہفتے کی چُھٹی بحال کرنے کا نوٹی فیکیشن جاری کردیا۔

اسلام آباد سے جاری ایس بی پی اعلامیے کے مطابق ملک بھر میں بینکس پیر سے جمعرات صبح 9 سے شام ساڑھے 5 بجے تک کھلے رہیں گے۔
ایس بی پی اعلامیے کے مطابق ان دنوں میں ڈیڑھ بجے سے سوا دو بجے تک نماز اور کھانے کا وقفہ ہوگا۔ اعلامیے کے مطابق جمعے کو بینک صبح 9 سے شام 6 بجے تک کھلے رہیں گے، اس دوران ڈیڑھ بجے سے ڈھائی بجے تک نماز اور کھانے کا وقفہ ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق ملک بھر میں بینک ہفتے اور اتوار کو بند رہیں گے۔
واضح رہے کہ شہباز شریف نے وزیراعظم بننے کے بعد 13 اپریل کو ہفتے میں دو چھٹیوں کو ختم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے بعد بینکس میں ہفتے کے روز چھٹی ختم کردی گئی تھی۔
وزیراعظم کے اس اقدام پر کراچی سمیت مختلف شہروں میں بینک ملازمین کی جانب سے احتجاج بھی کیا گیا تھا۔ وزارت عظمیٰ کے پہلے دن وزیراعظم شہباز شریف مقررہ سرکاری دفتری اوقات سے پہلے ہی صبح 8 بجے دفتر پہنچ گئے تھے اور انہوں نے دفتری اوقات 8 بجے کر دیئے تھے۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ 70 کی دہائی میں سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت میں جب لیبر لاز بنے اور ورکرز کو حقوق دیے گئے تب بھی چھ دن کام کا فیصلہ ہوا تھا لیکن اُسی زمانے میں چھٹی کا دن اتوار کے بجائے جمعے کو ہوا کرتا تھا۔ بینکس اور مالیاتی اداروں کو اس بات پر اعتراض تھا کہ جمعے کی چھٹی کی وجہ سے ملک تین دن کے لیے دنیا سے کٹ جاتا ہے۔
پھر 90 کی دہائی میں نواز شریف دوسری بار وزیراعظم بنے تو انہوں نے مذہبی حلقوں کی مخالفت کے باوجود چھٹی کا دن جمعے سے بدل کر اتوار کردیا تھا۔
انہوں نے یہ جواز پیش کیا کہ کیونکہ باقی دنیا میں اتوار کو چھٹی ہوتی ہے تو اس وجہ سے جمعے کو چھٹی کرنے سے ملک کو معاشی نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ ان کے اس فیصلے پر تنقید بھی کی گئی۔
بعد ازاں سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں دو روز چھٹی کی اجازت دی گئی۔ سابق صدر مشرف کے دور میں اس کی بڑی وجہ توانائی کی بچت اور عالمی منڈی کے معیار پر پورا اترنے کو قرار دیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں