سونا مزید مہنگا، سٹاک مارکیٹ میں بڑی مندی، اربوں کا نقصان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک)ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کے باعث بڑی مندی دیکھی گئی۔

تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 3 امریکی ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا اور نئی قیمت 1882 امریکی کرنسی ہو گئی ہے۔

عالمی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھنے کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد، فیصل آباد، گوجرانوالا سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونے کی قیمت میں 350 روپے کی بڑھوتری دیکھی گئی اور نئی قیمت ایک لاکھ 32 ہزار 350 روپے ہو گئی ہے۔

اُدھر فی تولہ سونے کی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں 300 روپے کا اضافہ دیکھا گیا اور نئی قیمت ایک لاکھ 13 ہزار 469 روپے ہو گئی ہے۔

تاہم چاندی کی فی تولہ اور دس گرام قیمتوں میں استحکام ریکارڈ کیا گیا اور قیمتیں بالترتیب 1500 روپے اور 1286 روپے کی سطح پر برقرار ہیں۔

مزید برآں پاکستان سٹاک مارکیٹ میں غیر یقینی سیاسی صورتحال کے باعث بڑی مندی ریکارڈ کی گئی، 408.60 پوانئٹس کی تنزلی دیکھی گئی اور 100 انڈیکس میں 44840.81 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔

پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.9 فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی جبکہ 8 کروڑ 76 لاکھ 92 ہزار 668 شیئرز کا لین دین ہوا۔ مندی کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا نقصان ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں