منور فاروقی نے بتایا اپنا سب سے مشکل راز، کنگنا اور کنٹسٹنس رو پڑے

بولی وڈ کی متنازع اداکارہ کنگنا رناوت کی میزبانی میں جاری لائیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم آلٹ بالاجی کے شو “لاک اپ” کے اتوار کے ججمنٹ ڈے ایپی سوڈ میں منور فاروقی کو ایک راز افشاں کرنے اور خود کو شو سے باہر ہونے سے بچانے کا موقع دیا گیا۔
میزبان کنگنا رناوت کی ہدایت کے مطابق کامیڈین نے جلدی سے بزر دبایا، اور ان سے کہا گیا کہ وہ اپنی والدہ کے بارے میں راز افشا کریں۔
منور کی کہانی نے ان کے تمام ساتھی کنٹیسٹنٹس اور میزبان کنگنا کو بھی جذباتی کر دیا۔
منور نے کہا، “یہ جنوری 2007 کا دن تھا۔ صبح سات بجے کے قریب، میری دادی نے مجھے جگایا اور کہا کہ میری ماں کو کچھ ہوا ہے۔ ہمیں انہیں ہسپتال لے جانا پڑا۔ جب میں ہسپتال پہنچا تو وہ میری ماں کو ایمرجنسی وارڈ سے باہر لا رہے تھے۔ وہ چیخ رہی تھیں اور میں نے ان کا ہاتھ پکڑ رکھا تھا۔ ایک لمحہ ایسا آیا جب … ڈاکٹروں نے آپس میں بات کی اور مجھے ان کا ہاتھ چھوڑنے کو کہا۔ میں اب بھی یہ بھلا نہیں سکتا۔”
انہیں اپنی ماں کے بارے میں بات کرتے ہوئے سن کر، شو میں شامل دیگر کنٹسٹنٹ کرن ویر بوہرا، انجلی اروڑہ اور ذیشان خان جذباتی ہو گئے۔ یہاں تک کہ کنگنا کو اپنی آنکھوں سے آنسو پونچھتے ہوئے دیکھا گیا۔

اگرچہ پرومو ویڈیو میں یہ نہیں بتایا گیا کہ منور کی والدہ کے ساتھ اصل میں کیا ہوا تھا، لیکن ان کے دوستوں نے اس سے قبل دی کوئنٹ کے ساتھ ایک انٹرویو میں اس بارے میں بات کی تھی۔
2021 کے ایک انٹرویو میں ان کے دوست سعد نے بتایا کہ “ہمیں جاننے کے کچھ سالوں کے بعد، منور نے ہمیں بتایا کہ کس طرح ان کی والدہ نے خودکشی کی تھی، جب وہ 11 سال کا تھا۔ اس نے ہمیں بتایا کہ کس طرح اس بات نے اس پر اس وقت گہرا اثر ڈالا تھا اور آج بھی (اس پر اثر انداز ہوتا ہے)۔ ہم نے زیادہ سوالات نہیں پوچھے۔”
منور ایک مقبول اسٹینڈ اپ کامیڈین ہیں جو گزشتہ سال اس وقت تنازعات کی زد میں آئے جب انہوں نے ایک شو کے دوران مبینہ طور پر ہندو دیوتاؤں کے بارے میں کچھ مذاق کیا تھا۔ اسی لیے انہیں گرفتار بھی کیا گیا تھا۔ اب وہ شو میں سب سے زیادہ مقبول کنٹسٹنٹس میں شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں