رمضان بازاروں میں 10 کلو آٹے کے 14لاکھ سے زائد تھیلے فراہم کئے جاچکے ہیں، محکمہ صنعت پنجاب

محکمہ صنعت وتجارت پنجاب نے کہا ہے کہ رمضان بازاروں میں 10 کلو آٹے کے 14لاکھ 61ہزار 359 تھیلے فراہم کئے جاچکے۔

محکمہ صنعت وتجارت پنجاب نے رمضان بازار مانیٹرنگ کی رپورٹ جاری کردی ہے۔
رپورٹ کے مطابق رمضان بازاروں میں سستے آٹے کی فراہمی کے لئے اب تک فلور ملوں کو 11ہزار 172میٹرک ٹن گندم جاری کی جا چکی ہے۔
پنجاب کے ترجمان نے بتایا کہ صوبے بھر میں قائم 317 رمضان بازاروں میں ابتک 10کلو آٹے کے 14لاکھ 61ہزار 359 تھیلے فراہم کئے گئے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ روپے فی 450 تھیلے کے حساب سے 10 لاکھ 47 ہزار 134 آٹے کے تھیلے فروخت ہوچکے جبکہ 80 روپے فی کلو کے حساب سے 8لاکھ 45 ہزار 628 کلو گرام چینی فروخت ہوچکی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ مرغی کا گوشت عام مارکیٹ سے 10روپے فی کلو اور انڈے 5روپے فی درجن کم نرخوں پر مل رہے ہیں جبکہ فیئر پرائس شاپس پر پیاز،آلو، ٹماٹر، بھنڈی سمیت 13اشیائے ضروریہ 2021ء کی قیمتوں پر مل رہی ہیں۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اشیائے ضروریہ کی مانیٹرنگ کے لئے 1279پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔
دوسری جانب ماہ رمضان کی آمد کے ساتھ ہی ملک کے دارالحکومت میں مہنگائی کا طوفان بھی امڈ آیا ہے جبکہ پھل و سبزیوں سمیت اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں مافیا نے اسٹاک کیے ہوئے پھل کی قیمتیں دگنی کردی ہیں جبکہ دکانداروں کا کہنا ہے کہ آڑھتیوں نے منڈی میں قیمتیں بڑھا دی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں