مہنگائی کی شرح میں ماہانہ بنیادوں پر 0.8 فیصد اضافہ ریکارڈ، ادارہ شماریات

اسلام آباد: (کامرس ڈیسک) مہنگائی کی شرح میں ماہانہ بنیادوں پر 0.8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ادارہ شماریات نے ماہانہ مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردیئے۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق شہروں کی نسبت دیہات میں مہنگائی کا زیادہ زور رہا، مارچ میں مہنگائی 12.7 فیصد پر پہنچ گئی۔ ماہانہ بنیادوں پر شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح میں 0.65 فیصد اضافہ ہوا، شہروں میں چکن 33.63 فیصد، پھل 15.17 فیصد مہنگے ہوئے۔ ایک ماہ میں خوردنی گھی 8.32فیصد، پیاز 7.01 فیصد، خوردنی تیل 5.05 فیصد مہنگے ہوئے۔ شہروں میں ٹماٹر 36.53 فیصد، انڈے 14.75 فیصد اور گندم 4.89 فیصد سستی ہوئی۔ ایک ماہ کے دوران شہروں میں چینی 1.02 فیصد سستی ہوئی۔

اعداد و شمار کے مطابق ایک سال میں شہروں میں ٹماٹر 148.65فیصد اور دال مسور 38.32 فیصد مہنگی ہوئی۔ اسی عرصے میں پھل 32 فیصد، سبزیاں 34.92 فیصد اور چکن 19.59 فیصد مہنگا ہوا۔ شہروں میں ایک سال میں دال مونگ 27.11 فیصد اور انڈے 20.32 فیصد سستے ہوئے۔

دیہات میں ماہانہ بنیادوں پر مہنگائی ایک فیصد بڑھی۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق دیہات میں ایک ماہ کے دوران چکن 33.34 فیصد، پھل 16.67 فیصد مہنگے ہوئے جبکہ خوردنی تیل 12.35 فیصد اور گھی 10.30 فیصد مہنگا ہوا۔ دیہات میں ایک ماہ میں ٹماٹر 33.87 فیصد، انڈے 13.97 فیصد اور آلو 3.78 فیصد سستے ہوئے۔

سالانہ بنیادوں پر دیہات میں ٹماٹر 158.82 فیصد، خوردنی تیل 63.47 فیصد، گھی 56.43 فیصد مہنگا ہوا۔ ایک سال میں دیہات میں پھل 37.80 فیصد، دال مسور 37.46 فیصد، دال چنا 3.39 فیصد مہنگی ہوئی۔ اسی عرصے میں دیہات میں آٹا 16.22فیصد، چکن 15.09 فیصد مہنگا ہوا۔ ایک سال میں دال مونگ 27.05 فیصد، انڈے 15.05فیصد سستے ہوئے جبکہ چینی 9.62 فیصد اور آلو 9 فیصد سستے ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں