سری لنکا میں ونڈ ٹربائنز کی تیاری کا معاہدہ بھارت کو مل گیا، چینی فرم باہر

ایشیائی ترقیاتی بینک کی جگہ بھارت نے فنڈز فراہم کرنے پر رضامندی ظاہرکردی ہے،لنکن حکام

کولمبو(کامرس ڈیسک) بھارت نے سری لنکا کے تین ونڈ فارمز دونوں ممالک کے درمیان موجود جزائر پر تیار کرنے پر اتفاق کیا ہے، چین سے واپس لیا گیا یہ منصوبہ بھارت کو ملنے پر عہدیداران اسے بھارت کی فتح قرار دے رہے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق بھارت اور سری لنکا کے درمیان آبنائے پالک میں 3 چھوٹے جزیروں پر ونڈ ٹربائنز کی تعمیر کے لیے ایک کروڑ 20 لاکھ ڈالر کا ایک پروجیکٹ 2019 میں ایک چینی فرم کو دیا گیا تھا، جس میں ایشیائی ترقیاتی بینک(اے ڈی بی)کی جانب سے فنڈز فراہم کیے گئے تھے۔
تاہم بھارت کے ساحل کے اتنے قریب چینی سرگرمیوں پر بھارت کے احتجاج کے بعد اس پر کام کبھی شروع نہیں ہوا اور نیناٹیوو، انالیٹیوو اور ڈیلفٹ کے جزائر پر پروجیکٹ کو بعد میں ختم کردیا گیا۔

بھارتی وزیر خارجہ کے کولمبو کے دورے کے بعد جاری کردہ ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ تنصیبات کی تعمیر کے لیے ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے ، سری لنکا کے حکام نے کہا کہ اب ایشیائی ترقیاتی بینک کی جگہ بھارت نے فنڈز فراہم کرنے پر رضامندی ظاہر کی ۔دریں اثنا ایک بھارتی عہدیدار نے کہا کہ وہ اس بات کی تصدیق نہیں کر سکتے کہ نئے معاہدے میں پلانٹ انہی جزائر پر بنائے جائیں گے جو چینی منصوبے کے لیے مختص کیے گئے تھے، پراجیکٹس سے متعلق پاور سورس اور دیگر تفصیلات دستیاب نہیں ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں