پاکستان اورامریکاکے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے دوران اضافہ

اسلام آباد(کامرس ڈیسک) پاکستان اورامریکاکے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیاہے، مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں امریکا کوپاکستانی برآمدات میں 43.23 فیصد جبکہ درآمدات میں 30.52 فیصد کی نموریکارڈکی گئی ہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں امریکا کوپاکستانی برآمدات کاحجم 4.410 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 43.23 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں امریکا کوپاکستانی برآمدات کاحجم 3.079 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا، فروری 2022 میں امریکا کوبرآمدات سے ملک کو547.85 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ سال فروری میں 402.16 ملین ڈالرتھا، مالی سال 2021 میں امریکا کوبرآمدات سے ملک کو5.029 ارب ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔

سٹیٹ بینک کے مطابق جولائی سے فروری تک کی مدت میں امریکا سے درآمدات میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 30.52 فیصد کی نموریکارڈکی گئی ہے، اعدادوشمارکے مطابق اس مدت میں امریکا سے درآمدات پر1.949 ارب ڈالرکازرمبادلہ صرف ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 1.493 ارب ڈالرتھا، فروری میں امریکا سے درآمدات کاحجم 289.27 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ سال فروری میں 262.98 ملین ڈالرتھا، مالی سال 2021 میں امریکاسے درآمدات پر2.445 ارب ڈالرکازرمبادلہ صرف ہواتھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں