تحریک عدم اعتماد ؛ جہانگیر ترین گروپ پھر متحرک ‘ کل حتمی فیصلے کا امکان

جہانگیر ترین نے گروپ کے تمام ارکان کو متحد اور آپس میں رابطہ مضبوط رکھنے کی ہدایت کردی

لاہور ( نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی تحریک عدم اعتماد پر پی ٹی آئی کا ناراض جہانگیر ترین گروپ ایک بار متحرک ہوگیا اور گروپ کی طرف سے عدام اعتماد پر ووٹنگ کے حوالے سے کل حتمی فیصلے کا امکان ظاہر کردیا گیا ، جہانگیر ترین نے گروپ کے تمام ارکان کو متحد اور آپس میں رابطہ مضبوط رکھنے کی ہدایت کردی اے آر وائی نیوز نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کے پیشِ نظر ترین گروپ کے رہنماؤں نے بیرون ملک موجود جہانگیر ترین سے رابطہ کیا اور انہیں اس وقت کی ملکی سیاسی صورتحال سے آگاہ کیا ، اس رابطے کے بعد جہانگیر ترین گروپ نے مشاورتی اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا جو آج یا کل کسی بھی وقت بلایا جاسکتا ہے ، اس اجلاس کے نتیجے میں گروپ کی طرف سے عدام اعتماد پر ووٹنگ کے حوالے سے کل حتمی فیصلے کا امکان ہے۔

قبل ازیں ترین گروپ کے رہنما عون چوہدری نے جہانگیر ترین کو فون کرکے بتایا کہ پنجاب میں تبدیلی کے لئے مثبت اشارے ملے ہیں جبکہ جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ گروپ متحد رہے اور مشاورت سے فیصلے کرے، میڈیا رپورٹس کے مطا بق ترین گروپ کے سربراہ جہانگیر ترین سے عون چوہدری نے ٹیلی فونک رابطہ کرکے حکومتی شخصیات سے رابطوں اور ملاقاتوں کے حوالے سے بریف کیا اور پرویز خٹک کے رابطے اور ملاقات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔
عون چوہدری نے جہانگیر ترین کو بتایا کہ وفاقی وزیر پرویز خٹک نے ملاقات کی اور کہا ہے کہ ابھی ترین گروپ اپنے فیصلے روک لے، اس ملاقات میں پنجاب میں تبدیلی کے لئے مثبت اشارے ملے ہیں، جب کہ پنجاب کی اہم شخصیات نے بھی ترین گروپ کے رہنماؤں سے ملاقات کی ہے، عون چوہدری کے مطابق جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ گروپ متحد رہے اور مشاورت سے فیصلے کرے۔ جب کہ جہانگیر ترین ڈاکٹرز کی اجازت کی صورت میں ایک ہفتے میں وطن واپس آسکتے ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں