ملک میں سیاسی کشمکش اورچپقلش سے زیادہ معیشت کو سنبھالا جائے،افتخار علی ملک

حکومت ملکی وسائل کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے مہنگائی پر قابو پائے اور اخراجات میں کمی لائے،زبیرطفیل

کراچی(کامرس ڈیسک) سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدراورایف پی سی سی آئی میں یونائٹیڈبزنس گروپ(یو بی جی) کے چیئرمین افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ اس وقت ضرورت اس بات کی ہے کہ ملک میں جاری سیاسی کشمکش اورچپقلش سے زیادہ ملکی معیشت کو سنبھالے رکھنا اور اسے عروج پرپہنچانا انتہائی اہم ہے، حکمرانوں اور سیاستدانوں کو مشترکہ طور پرمعاشی بحرانوں اورچیلنجز سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی اختیار کرنا اوراس پر عملدرآمدممکن بناناچاہیئے،بزنس کمیونٹی ملک کے بہتر مفاد میں ہمیشہ سے ہی حکمرانوں کا ساتھ دیتی آئی ہے،اس وقت بھی پاکستان مشکل معاشی دور سے گزررہا ہے جس سے مقابلہ کرنا مشترکہ جدوجہد سے ہی ممکن ہے۔
مرکزی ترجمان یونائٹیڈ بزنس گروپ گلزارفیروز کے مطابق افتخار علی ملک نے یو بی جی کے صدر زبیرطفیل سے ٹیلی فون پر گفتگو میں کہا کہ یو نائٹیڈ بزنس گروپ صدر زبیرطفیل کی قیادت میں حکومت کو مثبت تجاویز دیتا رہا ہے اور ہم آئندہ بھی ملکی معاشی استحکام میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

افتخار علی ملک نے کہا کہ دنیا بھر میں اس وقت مہنگائی عروج پر ہے اورپاکستان بھی مہنگائی کی لپیٹ میں ہے جس کاتوڑ ضروری ہے،آج پوری دنیا کے ممالک صرف اور صرف معاشی واقتصادی پالیسیوں پر توجہ دے رہے ہیں جبکہ عالمی اتحاد اور بلاک بھی معیشت کی وجہ سے ہی بن رہے ہیں،ہمیں بھی بطورملک مضبوط اور بہترہونے کی ضرورت ہے،ہمیں روس، یوکرائن جنگ،افغانستان کی جنگوں،چین اورامریکا کی مسابقت سے بہت کچھ سیکھنے کی ضرورت ہے،ملکوں کو اپنی بقاء اوردفاع کیلئے بہت کچھ کرنا پڑتا ہے،قرضوں کی معیشت سے بہت کچھ سبق لینے اورسیکھنے کی ضرورت ہے،پاکستان کو دیگر ممالک کے ساتھ تجارت کی راہ ہموار کرنا ہوگی،خود مختار پالیسیوں کی اشد ضرورت ہے جبکہ ملک میں ایماندارانہ نظام کے نفاذ اورپیچیدگیوں کے خاتمے کی بھی بے حد ضرورت ہے۔

اس موقع پر یو بی جی کے صدر زبیرطفیل نے کہا کہ ملک بھر میں اس وقت مہنگائی انتہائی عروج پر ہے،اگرچہ وزیر اعظم نے پہلے پیٹرول کی قیمت میں 10روپے کمی کی اور اب آئندہ15روز کیلئے پیٹرول کے نرخ میں کوئی تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ بھی کیا مگرملک کے غریب عوام شدیدمشکلات سے دوچار ہیں ،ملک میں جاری سیاسی محاذ آرائی نے کاروباری صورتحال کو بھی غیرمستحکم بنا کر رکھ دیا ہے،ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت ملکی وسائل کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے مہنگائی پر قابو پائے اوراخراجات میں کمی لائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں