بد قسمتی سے اسٹیج ڈرامہ اپنی اصل شناخت گم کر چکا ہے ‘ روبی انعم

اسٹیج کی اصلاح نہ کی گئی تو آنیوالے وقت میں مزید زوال کا شکار ہو جائیگا

لاہور (شوبز ڈیسک) نامور اداکارہ روبی انعم نے کہا ہے کہ پاکستان میں اداکاری سمیت ہر شعبہ زندگی میں بڑا ٹیلنٹ موجود ہے انہیں صرف موقع ملنے کی ضرورت ہے ۔ ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ نئے اداکاروں کو سیکھنے کیلئے کوئی پلیٹ فارم میسر نہیں اس لئے انہیں اپنے سینئر زسے رہنمائی لینی چاہیے ۔

انہوںنے کہا کہ بد قسمتی سے اب اسٹیج ڈرامہ اپنی اصل شناخت گم کر چکا ہے ،ایک وقت تھا کہ اسٹیج پر گانے کا کوئی تصور بھی نہیں تھا مگر جب سے اسٹیج ڈرامے میں رقص آیا ہے تو ڈرامے کی اصل شکل بگڑ گئی۔

میں تمام ڈرامہ پروڈیوسروں اور ڈائریکٹروں کو مشورہ دیتی ہوں کہ اسٹیج ڈرامے کی اصلاح کریں ورنہ آنے والے وقت میں اسٹیج ڈرامہ مزید زوال کا شکار ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی اسٹیج پر کام کرنے کی پیشکش موجود ہے لیکن میں سمجھتی ہوں میرے لئے اس طرح کا کردار تخلیق نہیں ہو رہا جسے میں نبھائوں ۔ ہمیشہ یہ کوشش کی ہے کہ میری اداکاری سے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ آتی رہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں