عمران خان ملک کو خانہ جنگی کی طرف لے جانا چاہتے ہیں: خورشید شاہ

لاہور: (نیوز ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان ملک کو خانہ جنگی کی طرف لے جانا چاہتے ہیں مگر ہم ان کی یہ کوشش ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔

احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ملک کے ناکام ترین وزیر اعظم ہیں جس نے پارلیمنٹ کی عزت اور توقیر تک ختم کردی ہے، اب وہ گھبراہٹ میں گالیاں بھی دے رہےہیں اور مسخروں جیسی حرکتیں بھی کررہےہیں۔ میں بتانا چاہتا ہوں کہ عمران خان کی کوششوں کے باوجود ملک میں مارشل لا نہیں لگے گا ۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم خانہ جنگی کی طرف نہیں جارہے ، ہم تو نظر انداز کررہے ہیں مگر عمران خان خانہ جنگی چاہتا ہے۔ عدم اعتماد پر ووٹنگ ہورہی ہے۔ اس سے ایک دن پہلے لوگ اکٹھے کرکے خوف پھیلانے کی وجہ کیا ہے۔ اگر وہ خانہ جنگی کی طرف جارہاہے تو ہم اپنے کارکنوں کو خانہ جنگی روکنے کے لیے بلا رہے ہیں۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اگر تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ نہ ہوئی تو ملک می انارکی پھیلے گی، کوئی اندھیر نگری چوپٹ راج نہیں ، دنیا دیکھ رہی ہے۔ عمران خان تو پارلیمنٹ پر اثر انداز ہونے کی ہر ممکن کوشش کرے گا مگر جب کوئی آئین کی خلاف ورزی کرے گا تو وہ آئین کے آرٹیکل 6 کے زمرے میں آئے گا، چاہے وہ خورشید شاہ ہو یا اسمبلی کا سپیکر ہو۔

پیپلزپارٹی رہنما نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس بھی باہر آئے گا اور لوگوں کو پتہ چلے گا کہ یہ تو چندے کے پیسے بھی کھاگیا ہے، پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم میں اتفاق رائے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں خورشید شاہ نے کہا کہ سیاست میں نہ تو کوئی آخری دوست ہوتا ہے اور نہ ہی آخری دشمن۔ ان کا کہنا تھا کہ ریس کا میدان لگ چکا ہے، وہ بھی گھوڑے پر بیٹھا ہے ہم بھی بیٹھے ہیں اب بعد کی باتیں بعد میں ہونگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں