ساحل سمندر پر غیر ملکی سیاح لیوک ڈیمانٹ سے بدتمیزی کرنے والا لڑکا گرفتار

کراچی پولیس نے زبیر شیریں کواس کے گھر کے باہر سے گرفتار کیا ‘ گھوڑے کے مالک لڑکے نے واقعے پر معافی مانگ لی‘ غیر ملکی سیاح لیوک ڈیمانٹ کا ردعمل بھی سامنے آگیا

کراچی ( نیوز ڈیسک ) کراچی کے ساحل سمندر پر گھوڑے کی سواری کے نام پر غیر ملکی سیاح کو لوٹنے والے لڑکے کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس نے غیر ملکی سیاح لیوک ڈیمانٹ کے ساتھ بدتمیزی کرنے اور زائد پیسے مانگنے والے گھوڑے کے مالک کو جناح کالونی سے گرفتار کیا ، زبیر شیریں نامی لڑکے کو اس کے گھر کے باہر سے گرفتار کیا گیا جب کہ گرفتاری کے بعد پولیس نے زبیر کی ایک ویڈیو بھی جاری کی ، جس میں اس نے تمام واقعے پر معافی مانگ لی ۔

غیر ملکی سیاح لیوک ڈیمانٹ نے گھوڑے کے مالک کی گرفتاری پر کراچی پولیس کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے کارروائی کی اور اس کے مطابق اس صورتحال سے نمٹا اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ پاکستان کو محفوظ رکھا جائے تاہم میں جلد بازی میں کچھ نہیں کہوں گا یہ لڑکا میری طرح جوان ہے اور خاص طور پر نوجوانوں کے طور پر ہم سب غلطیاں کرتے ہیں ، مجھے امید ہے کہ یہ اس تجربے سے سیکھے گا اور دوسروں کے ساتھ احترام کے ساتھ پیش آئے گا جس کے وہ مستحق ہیں۔

غیر ملکی سیاح لیوک ڈیمانٹ نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ پاکستان میں قانونی عمل کیسے کام کرتا ہے یا آگے کیا کرنا ہے لیکن میں سب سے گزارش کرتا ہوں کہ اگر آپ اس نوجوان لڑکے کو دیکھیں تو اس کے ساتھ مہربانی فرمائیں ، میں جانتا ہوں کہ اس نے جو کیا وہ پریشان کن اور ناقابل قبول تھا اور یقیناً وہ اس سے سبق سیکھے گا لیکن ایک دوسرے کے ساتھ مہربان ہونا سب سے اہم چیز ہے۔ خیال رہے کہ چند روز قبل گھوڑے کے مالک اس نوجوان زبیر شیریں نے کراچی کے ساحل سمندر پر لیوک ڈیمانٹ کو اپنے گھوڑے پر سواری کروائی ، جس کے بعد سواری کے اس سے زائد پیسے مانگے اور بدتمیزی بھی کی تاہم وہاں پر موجود ایک مقامی شخص نے پیسے دے کر معاملہ سنبھالا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں