کابل میں حقانی نیٹ ورک کے سربراہ سراج الدین حقانی پہلی بار منظر عام پر

افغانستان میں حقانی نیٹ ورک کے سربراہ سراج الدین حقانی پہلی بار منظر عام پر آئے ہیں، اس سے قبل وہ میڈیا کے سامنے نہیں آئے تھے۔
سنیچر کو افغان میڈیا اور طالبان رہنماؤں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سراج الدین حقانی کی تصاویر شیئر کیں۔
یہ تصاویر کابل میں محکمہ پولیس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کے دوران لی گئی ہیں۔
کابل میں افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’وزیر داخلہ سراج الدین حقانی نے محکمہ پولیس کی ایک تقریب میں شرکت کی۔‘
کابل میں افغان طالبان کے ایک ترجمان احمد اللہ واثق نے کہا کہ ’پہلی مرتبہ سراج الدین حقانی منظر عام پر آئے ہیں۔‘
اس سے قبل حقانی نیٹ ورک کے سربراہ سراج الدین حقانی کابل میں مختلف تقاریب میں شرکت کرتے رہے ہیں تاہم وہ میڈیا کے سامنے نہیں آتے تھے۔
امریکہ نے سراج الدین حقانی کو ’انتہائی مطلوب‘ افراد کی فہرست میں شامل کیا تھا۔ امریکی حکام نے ان کی ایک تصویر جاری کی تھی جس میں ان کا چہرہ واضح نظر نہیں آ رہا تھا۔

د اسلامي امارت د کورنیو چارو محترم وزیر خلیفه صاحب سراج الدین حقاني حفظه الله د د ملي پولیسو د فراغت مراسم پرانستل.

اسلام آباد میں صحافی طاہر خان نے ٹویٹ کیا تھا کہ سراج الدین حقانی کو دوستوں نے مشورہ دیا تھا کہ وہ منظر عام پر آئیں۔
امریکہ نے حقانی نیٹ ورک کے سربراہ کے سر کی قیمت 10 ملین ڈالر مقرر کی تھی۔
طالبان نے گزشتہ برس اگست کے وسط میں کابل کا کنٹرول سنبھالا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں