ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو شکست دیکر فائنل میں رسائی حاصل کرلی

پی ایس ایل 7 کے کوالیفائیر میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے کوالیفائیر میچ میں ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے محمد رضوان اور ریلی روسوو کی نصف سنچریوں کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹ کے نقصان پر 163 رنز بنائے۔

اس سے قبل میچ کا ٹاس لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ ملتان سلطانز کی جانب سے کپتان محمد رضوان اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا لیکن مسعود 2 رنز بنانے کے بعد دوسرے ہی اوور میں محمد حفیظ کا شکار بن گئے۔

تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے عامر عظمت نے کپتان محمد رضوان کے ساتھ ملکر 47 رنز کی شراکت قائم کی اور وہ 22 گیندوں پر 33 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔

ریلی روسوو اور کپتان محمد رضوان آخر تک وکٹ پر موجود رہے لیکن اس کے باوجود ٹیم کو بڑا ٹوٹل فراہم کرنے میں ناکام رہے جس کی اصل وجہ لاہور قلندرز کی جانب سے نبی تلی بولنگ تھی جس نے ملتان سلطانز کے بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع فراہم نہیں کیا۔

محمد رضوان اور ریلی روسوو نے نصف سنچریاں اسکور کیں اور وہ دونوں ہی ناٹ آؤٹ واپس آئے۔ محمد رضوان نے 51 گیندوں پر 52 رنزکی سست اننگز کھیلی جس میں صرف 3 چوکے شامل تھے جب کہ ریلی روسوو نے 42 گیندوں پر 65 رنزبنائے جس میں پوری اننگز میں لگنے والا واحد چھکا اور 7 چوکے شامل تھے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے محمد حفیظ اور سمت پٹیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پی ایس ایل میں اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان 11 مقابلے ہوئے ہیں جن میں 6 میچوں میں ملتان سلطانز نے فتح حاصل کررکھی ہے اور 5 میچوں میں لاہور قلندرز کو فتح ملی۔

پی ایس ایل 7 میں پہلے مرحلے میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو شکست دی تاہم لاہور میں کھیلے گئے دوسرے مرحلے میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو شکست دے کر حساب چکتا کیا اور ملتان سلطانز اب تک ایونٹ میں صرف اسی ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
آج کے اہم میچ کے لیے لاہور قلندرز نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں ، پچھلے میچ میں راشد خان کی جگہ لینے والے فواد احمد کو صرف ایک میچ کھلا کر واپس بٹھادیا گیا ہے اور ان کی جگہ سمت پٹیل کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جب کہ سہیل اختر کی جگہ عبداللہ شفیق کی واپسی ہوئی ہے۔

دوسری جانب پی ایس ایل 7 میں اب تک ناقابل یقین کارکردگی دکھانے والی ملتان سلطانز کو ٹیم میں واحد تبدیلی کرنا پڑی کیوں کہ ان کے اہم ترین کھلاڑی ٹیم ڈیوڈ کورونا کا شکار ہوچکے ہیں جس کے بدلے جانسن چارلس کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں تماشائیوں کی بڑی تعداد موجود ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اسٹیڈیم کو گراؤڈ سے ہاؤس فل قرار دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں