یورپئین چمپئینز لیگ کے فائنل کی میزبانی روس سے چھین لی گئی

یورپئین چمپئینز لیگ کی انتظامیہ نے روس اور یوکرین تنازع کے پیش نظر لیگ فائنل کی میزبانی روس سے واپس لینے کا اعلان کر دیا ہے۔یورپئین چمپئینز لیگ 2022 کا فائنل رواں برس روس کے شہر سینٹ پیٹرز برگ میں منعقد کیا جانا تھا۔

لیگ انتظامیہ کا یہ فیصلہ گزشتہ روز روس کی جانب سے یوکرین کے دو علاقوں کو خودمختیار ملک تسلیم کرنے کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق روس نے مشرقی یوکرین کے شدت پسند مسلح باغیوں کے زیر قبضہ دو علاقوں میں فوج بھیج دی ہے اور روس کے حملے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
یورپئین لیگ کی انتظامیہ کے اس فیصلے سے قبل مختلف ممالک نے روس پر پابندیاں عائد کی ہیں ، جبکہ برطانیہ نے روس کی پانچ بینکوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔
لیگ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہم صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں، ہم نے فی الحال میزبانی کو منسوخ کر دیا ہے جو روسی جارحیت کے باعث مستقل بھی ہو سکتی ہے۔
برطانیہ کے وزیر اعظم نے بھی ہاؤس آف کامنز میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خودمختیار ملکوں کی سلامتی کے درپے ہونے والے ملک میں فٹ بال ٹورنامنٹ منعقد نہیں ہونا چاہیئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں