کراچی صارفین کیلئے بجلی 3.4روپے مہنگی ہونے کا امکان

کراچی صارفین کے لیے بجلی ایک ماہ کے لیے 3 روپے 40 پیسے مہنگی ہونے کا امکان ہے۔

کراچی(کامرس ڈیسک) کے الیکٹرک نے کراچی کے شہریوں سے ایک ماہ کے لیے ماہانہ فیول ایڈجسمنٹ کی مد میں تین روپے چالیس پیسے فی یونٹ زیادہ وصولی کی اجازت مانگ لی۔
نیپرا کا کہنا تھا کہ درخواست ماہ جنوری کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی ہے، بجلی مہنگی ہونے کی صورت میں صارفین پر 3 ارب 72 کروڑ روپے سے زائد بوجھ پڑے گا۔
تاہم کے الیکٹرک نے سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 30 پیسے سستی کرنے کی بھی درخواست دی ہے، نیپرا میں کے الیکٹرک کی دونوں درخواستوں پر سماعت یکم مارچ کو ہوگی۔
واضح رہے 19 فروری کو سینٹرل پاور پرچيزنگ ايجنسی (سی پی پی اے) نے نیپرا کو جنوری کی فيول پرائس ايڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کی درخواست دی تھی۔ سی پی پی اے کا کہنا تھا کہ جنوری ميں پيشگی فيول لاگت 6 روپے 51 پيسے فی يونٹ تھی جبکہ بجلی کی پيداواری لاگت 12 روپے 61 پيسے فی يونٹ تھی۔
سی پی پی اے کے مطابق ہائی اسپيڈ ڈيزل سے 25 روپے 98 پيسے فی يونٹ، فرنس آئل سے 22 روپے 80 پيسے فی يونٹ، ايل اين جی سے 16 روپے 70 پيسے فی يونٹ، درآمدی کوئلے سے 14 روپے 10 پيسے فی یونٹ مہنگی پيدا کی گئی ہے۔
نيپرا سی پی پی اے کی درخواست پر بجلی کی قیمت میں اضافہ کرنے سے متعلق سماعت 28 فروری کو کریگا، تاہم قیمتوں میں اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں