کانگریس کی منظوری کے بغیر ایران سے کسی بھی معاہدے کو روکیں گے، ریپبلکن سینیٹر

ممکنہ جوہری سمجھوتے کی صورت میں کانگریس ایران پر مزید پابندیاں عائد کرے گی اور اس سمجھوتے میں رخنہ ڈالے گی،بیان

واشنگٹن(انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا میں ریپبلکن سینیٹر بل ہیگرٹی نے ایران کو دھمکی دی ہے کہ کانگریس میں جائزے کے بغیر موجودہ امریکی انتظامیہ کے ساتھ کسی بھی ممکنہ جوہری سمجھوتے کی صورت میں کانگریس ایران پر مزید پابندیاں عائد کرے گی اور اس سمجھوتے میں رخنہ ڈالے گی۔

میڈیارپورٹس کے مطابق ہیگرٹی نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ میں اور میرے ساتھی امریکی سینیٹ کے ارکان کو حاصل تمام اختیارات اور نفوذ کے استعمال پر کاربند ہیں تا کہ ایران کے ساتھ کسی بھی ایسے سمجھوتے پر عمل درامد روکا جا سکے جو منظوری کے لیے کانگریس میں پیش نہ کیا گیا ہو۔

امریکی سینیٹ میں 30 کے قریب ریپبلکن ارکان نے گذشتہ ہفتے صدر جو بائیڈن کو ایک مکتوب بھیجا تھا۔ اس مکتوب میں ان ارکان نے مطالبہ کیا تھا کہ انہیں ایرانی جوہری معاہدے میں امریکا کی واپسی کے حوالے سے کردار دیا جائے ورنہ وہ اس معاہدے کو روکنے کی کوشش کریں گے۔مکتوب میں یہ بھی واضح کیا گیا تھا کہ صدر بائیڈن اس بات کا قانونی اختیار رکھتے ہیں کہ وہ سینیٹ کے ارکان کو اس عمل میں شامل کریں۔یاد رہے کہ ایرانی جوہری معاہدے کو بچانے کے لیے تہران اور واشنگٹن کے بیچ بالواسطہ بات چیت 10 روز کے وقفے کے بعد گذشتہ ہفتے آسٹریا میں دوبارہ شروع ہوئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں