اسرائیلی فوج کی بربریت جاری، فائرنگ کر کے فلسطینی نوجوان شہید کر دیا

مقبوضہ بیت المقدس: (انٹرنیشنل ویب ڈیسک) فلسطین کے مغربی کنارے میں کھلم کھلا دہشت گردی کرتے ہوئے اسرائیلی فوجیوں نے اندھا دھند فائرنگ کر کے ایک مسلمان نوجوان کو شہید کر دیا۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے فلسطین میں داخل ہو کر ایک شہری کا گھر تباہ کرنے کی کوشش کی، نوجوان نے مزاحمت کی تو انسانیت کے بھیس میں درندوں نے فائرنگ کر دی جس سے نوجوان شہید جبکہ دیگر 10 مسلمان زخمی ہو گئے۔

اسرائیلی اہلکاروں کی فائرنگ کے خلاف بڑی تعداد میں فلسطینی اکٹھے ہو گئے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج کیا۔ اسرائیلی فوج نے فلسطینی مظاہرین پر آنسو گیس کی شدید شیلنگ کی جبکہ متعدد نوجوانوں کو گرفتار بھی کر لیا۔

واضح رہے کہ فلسطینی سرزمین پر اسرائیل کئی دہائیوں سے مسلسل قبضہ جاری رکھے ہوئے ہے، حتی کہ چھوٹے سے علاقے پر موجود باقی ماندہ فلسطینی علاقوں کو بھی ہڑپ کرنے کی فکر میں نظرآتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اکثر و بیشتر اسرائیلی فوجی تمام تر عالمی قوانین کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اسلحے کے زور پر فلسطین میں داخل ہو جاتے ہیں ، فلسطینی شہریوں کے گھروں کو گرا کر مالکان کو زبردستی بے دخل کر دیتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں