کویت پرحملہ، عراق نے تاوان وجرمانے کی مکمل ادائیگی کردی

عراق نے کویت پر 1990ء میں حملہ کیا تھا، جس کے بعد 1991ء میں اقوام متحدہ کی قرار داد کے تحت عراق پر 52 ارب 40 کروڑ ڈٓلر کا جرمانہ عائد کیا گیا، جس کی ادائیگی مکمل ہوگئی۔

تاوان دلوانے کیلئے قائم اقوام متحدہ کے کمیشن نے بدھ کے روز جنیوا میں اپنی حتمی رپورٹ پیش کردی، جس میں کہا گیا ہے کہ عراق نے کویت کو تاوان اور معاوضے کی شکل میں 52 ارب 40 کروڑ ڈالر ادا کردیئے ہیں۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی 1991ء کی قرار داد 692 کے تحت عراق کے ذمہ کویت کے واجب الادا مالی معاوضے کے انتظام کیلئے کمیشن قائم کیا گیا تھا، جس نے گزشتہ برسوں کے دوران تیل اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت پر 5 فیصد ٹیکس کے ذریعے فنڈز اکٹھے کئے۔
یاد رہے کہ عراق کے سابق صدر صدام حسین نے 2 اگست 1990ء کو اپنی فوج کو کویت پر چڑھائی کا حکم دیا تھا اور کویت کو عراق کا انیسواں صوبہ قرار دے کر اس پر قبضہ کرلیا تھا، جس کے 7 ماہ کے بعد امریکا کی قیادت میں فوجی اتحاد نے عراقی فوج کو کویت سے نکال باہر کیا تھا اور اس کو آزاد کرالیا تھا۔
کویت کے جنگی معاوضے کے وصول کنندگان میں عام افراد، کمپنیاں، سرکاری ادارے اور دیگر گروہ شامل تھے، جنہیں عراق کے کویت پر حملے اور قبضے کے نتیجے میں براہ راست نقصان اٹھانا پڑا تھا۔
اقوام متحدہ کے کمیشن کو گزشتہ 30 سال کے دوران میں کویتیوں کی جانب سے معاوضے کے قریباً 27 لاکھ مطالبات جمع کرائے گئے، جس میں درخواست گزاروں نے قریباً 352 ارب ڈالر ادا کرنے کے مطالبات کئے تھے لیکن انہیں مکمل جانچ پڑتال کے بعد 52.4 ارب ڈالر ادا کئے گئے ہیں۔
جنیوا میں بدھ کو باضابطہ طور پر منظور کردہ رپورٹ کے مطابق کویتیوں کو آخری ادائی 13 جنوری کو کی گئی تھی اور اس کی مجموعی مالیت قریباً 63 کروڑ ڈالر تھی۔
کمیشن نے مزید کہا کہ یہ کامیابی قابل ذکر ہے اور اس نے تنازعات کے بعد مفاہمت میں حصہ لیا ہے اور اس سے بین الاقوامی قوانین کی قدر و اہمیت کی بھی عکاسی ہوتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں