پاکستانی سینماوں میں پہلی ترکش فلم ریلیز کیلئے تیار

پاکستانی سینماوں میں پہلی ترکش فلم ”آئیلا“ رواں ماہ 11 فروری کو ریلیز کی جائے گی ۔

پاکستانی فلمی شائقین کو معیاری فلموں کی تفریح دینے کے لیے ڈسٹری بیوشن کلب نے ترک زبان میں بننے والی عالمی شہرت یافتہ فیچر فلم ”آئیلہ“ کی نمائش کا اہتمام کیا ہے جو پاکستانی سینماؤں کی زینت بننے والی پہلی ترکش فلم ہوگی۔
ڈسٹری بیوشن کلب کے ایگزیکٹو منیجر شیخ عابد رشید نے بتایا کہ فلم ”آئیلہ“ کو خصوصی طور پر اردو زبان میں ڈب کروایا گیا ہے، فلم کی کہانی ایک خوبصورت بچی ”آئیلہ“ کی زندگی کا احاطہ کرتی ہے جو ایک ترک فوجی کو میدان جنگ میں ملتی ہے۔
ترک فلمیں اپنی معیاری پروڈکشنز اور اچھوتے آئیڈیاز کی بدولت پہلے ہی دنیا بھر کے شائقین کی توجہ کا مرکز ہیں اور مذکورہ فلم ”آئیلہ“ بھی اپنی جذباتی کہانی اور فنکاروں کی جاندار اداکاری کے باعث شائقین کی توجہ سمیٹ چکی ہے۔
شیخ عابد رشید کے مطابق اس فلم کی تشہیری مہم کا آغاز بھی کردیا گیا ہے،’’آئیلا“ پاکستانی شائقین کو ترکش سینما سے متعارف کروائے گی اور پاکستانی سینماؤں میں ترکش فلموں کی نمائش پاکستان اور ترکی کے باہمی تعلقات میں انتہائی اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں