مینار پاکستان پر لڑکی کو ہراساں کرنے کا معاملہ

عدالت نے ملزم ریمبو کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دے دیا

لاہور(کرائم ڈیسک) :لاہور ہائیکورٹ نے مینار پاکستان پر لڑکی کو ہراساں کرنے کے معاملے پر ملزم ریمبو کی ضمانت منظور کر لی ہے۔عدالت نے ملزم کو رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔عدالت نے ملزم کو ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے بھی جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کے بلیک میلنگ کیس کے مرکزی کردار ریمبو نے ضمانت کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔
عامر سہیل عرف ریمبو نے مؤقف اختیار کیا کہ بلیک میلنگ کا الزام غلط ہے، خاتون نے جھوٹے الزامات عائد کیے، لہٰذا استدعا ہے کہ عدالت ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے۔ ۔پولیس کی جانب سے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔ سیشن عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق ملزم ریمبو نے خاتون کے ساتھ بدتمیزی میں اہم کردار ادا کیا ۔

پولیس نے ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کرنے کی سفارش کی تھی۔

یاد رہے کہ ٹک ٹاکر عائشہ اکرم نے اپنے ساتھی ریمبو کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔ اس درخواست میں عائشہ اکرم نے گریٹر اقبال پارک میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ کا ذمہ دار اپنے ساتھی ریمبو کو قرار دیا تھا۔ درخواست میں عائشہ اکرم نے کہا کہ گریٹر اقبال پارک جانے کا منصوبہ ریمبو نے ہی بنایا تھا۔ متاثرہ خاتون عائشہ اکرم کا کہنا تھا کہ ریمبو نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ میری نازیبا ویڈیوز بنا رکھی ہیں، ویڈیوز کی وجہ سے ریمبو مجھے بلیک میل کرتا رہا۔
عائشہ اکرم نے اپنے درخواست میں دعویٰ کیا تھا کہ ریمبو بلیک میل کرکے 10 لاکھ روپے لے چکا ہے، میں اپنی تنخواہ میں سے آدھے پیسے ریمبو کو دیتی تھی، ریمبو ساتھی بادشاہ کے ساتھ مل کر ٹک ٹاک گینگ چلاتا ہے۔ ٹک ٹاکر عائشہ اکرم نے ریمبو کے خلاف سخت کارروائی کی استدعا بھی کی تھی جس کے بعد ریمبو کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں مینارِ پاکستان کے گریٹر اقبال پارک میں خاتون ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کو ہراسگی اور بدتمیزی کا نشانہ بنانے کا واقعہ 14 اگست کے روز پیش آیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں