خواتین کے ساتھ ون ویلنگ کرنے والا ٹک ٹاکر گرفتار

ملزم کی گرفتاری کے وقت اہل محلہ نے ڈولفن اہلکاروں سے مزاحمت کی

لاہور (کرائم ڈیسک) : ون ویلر ٹک ٹکر شاہنواز عرف چھوٹا بچہ کو لاہور سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ملزم کی ون ویلنگ کی متعدد ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ڈی آئی جی آپریشنز نے نوٹس لیا تھا۔جس پر شفیق آباد راولپنڈی میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔شاہنواز عرف چھوٹا بچہ لاہور کی مختلف شاہراہوں پر خطرناک ون ویلنگ کرتا تھا۔
ملزم نے خواتین کے ساتھ اپنی متعدد ویڈیوز بھی یوٹیوب پر اپ لوڈ کر رکھی ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو گرفتار کر کے تھانہ شفیق آباد میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ترجمان ڈولفن آپریشن ونگ نے میڈیا کو بتایا کہ ملزم کے گرفتاری کے موقع پر اہل علاقہ نے ڈولفن اہلکاروں سے مذمت کی تھی۔ملزم ٹک ٹاکر کو تھانہ شفیق آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر محمد عابد خان نے ڈولفن ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا تھا کہ ون ویلنگ کرنے والے اپنی اور دوسروں کی جان کو خطرے میں ڈالتے ہیں لہٰذا ایسے اقدام سے گریز کیا جائے۔

خیال رہے کہ گذشتہ برس بھی لاہور میں مختلف حادثات کے دوران 3 نوجوان جان کی بازی ہار گئے تھے۔ پولیس ذرائع کے مطابق کوٹ عبدالمالک میں موٹرسائیکل سوار نوجوان تیز رفتاری کے باعث جاں بحق ہو گیا۔ دوسرا واقعہ مسلم ٹاؤن میں پیش آیا جہاں ویلنگ کرتے ہوئے 20 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ پولیس نے بتایا تھا کہ ون ویلنگ سے ہلاکت کا تیسرا واقعہ لاہور کے علاقے نشتر کالونی میں پیش آیا جہاں ایک اور نوجوان ون ویلنگ کے شوق میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ قانونی کارروائی کے بعد تینوں نوجوانوں کی لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔ ون ویلنگ کے جان لیوا کھیل کے خلاف شہریوں نے پولیس سے مؤثر کارروائیاں کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں