کل 17ممبرانِ PTI نے گو عمران گو کا نعرہ لگا دیا: راجہ پرویز اشرف

کل 17ممبرانِ PTI نے گو عمران گو کا نعرہ لگا دیا: راجہ پرویز اشرف

سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ یہ لوگ لانگ مارچ سے پہلے ہی فارغ ہو جائیں گے، کل پی ٹی آئی کے 17 ممبران نے گو عمران گو کا نعرہ لگا دیا۔

اسلام آباد میں اپوزیشن رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ حکومت کو کل تاریخی شکست ہوئی، جس کی مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ شکست کھانے کے بعد حکومت کے تمام ہتھکنڈے فضول ہیں، کل قومی اسمبلی نے اس پر عدم اعتماد کر دیا ہے، کل ان کی پارٹی کے 17 ممبران نے گو عمران گو کا نعرہ لگا دیا۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پی ڈی ایم کا مطالبہ ہے کہ حکومت فوری مستعفی ہو جائے، آپ چوہوں کی طرح حکومت نہیں کرنا چاہتے تو شیروں کی طرح میدان میں آئیں۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں اتنی مہنگائی نہیں ہوئی، ہر طبقہ سراپا احتجاج ہے، یوسف رضا گیلانی کی کامیابی نے ثابت کر دیا کہ حکومت ناکام ہو چکی ہے۔

سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت مستعفی ہو، نئے انتخابات کرائے جائیں، ضمنی انتخابات میں عوام کا اعتماد سامنے آ گیا۔

رہنما پاکستان پیپلز پارٹی راجہ پرویز اشرف کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کہتے ہیں کہ وزیرِ اعظم عمران خان اعتماد کھو چکے ہیں تو وہ پی ڈی ایم کی بات کہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں