بیٹی کی تصاویر کیسے جاری ہوئیں ،انوشکا ویرات نے بیان جاری کردیا

بیٹی کی تصاویر بے خبری میں لی گئی، نہیں جانتے تھے کیمرہ ہم پر تھا، بیٹی کی سوشل میڈیا پر موجودگی بارے ہمارا مؤ قف اور درخواست آج بھی وہی ہے، بیان

ممبئی (نیوز ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی اور بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما نے گزشتہ روز بیٹی وامیکا کی پہلی واضح تصاویر وائرل ہونے پر بیان جاری کیا ہے۔سوشل میڈیا پر مشہور جوڑی انوشکا ویرات کی جانب سے انسٹاگرام اسٹوری شیئر کرتے ہوئے اس حوالے سے وضاحت دی گئی ہے۔ مشہور جوڑی نے انسٹاگرام اسٹوری نوٹ جاری کرتے ہوئے مداحوں کو آگاہ کیا کہ ! ہمیں احساس ہے کہ کل ہماری بیٹی کی سٹیڈیم میں تصاویر کھینچی گئیں جس کے بعد وہ تصاویر بڑے پیمانے پر شیئر کی گئیں۔

انوشکا ویرات نے اپنی سٹوری میں لکھا کہ ہم سب کو آگاہ کرنا چاہتے ہیں کہ ہماری بیٹی کی تصاویر بے خبری میں لی گئی، نہیں جانتے تھے کہ کیمرہ ہم پر تھا، بیٹی کی سوشل میڈیا پر موجودگی کے حوالے سے ہمارا مؤ قف اور درخواست آج بھی وہی ہے۔جوڑی نے اپنی سٹوری میں مزید لکھا کہ ہم واقعی اس کی تعریف کریں گے اگر وامیکا کی تصاویر کو ان وجوہات کی بناء پر شائع نہیں کیا جائے جن کی ہم نے پہلے وضاحت کی تھی۔ انوشکا ویرات کے وضاحتی بیان پر مداح بھی سوشل میڈیا پر ان کی حمایت میں پیش پیش ہیں، ساتھ ہی پبلشرز سے وامیکا کی تصاویر ہٹانے کا مطالبہ بھی کیا جارہا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں