بھارتی ریاست بہار میں زہریلی شراب پینے سے 16 افراد ہلاک

بھارتی ریاست بہار میں زہریلی شراب پینے سے 16 افراد ہلاک جب کہ کئی کی حالت خراب ہوگئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بہار کے ضلع سارن کے مختلف علاقوں میں زہریلی شراب پینے سے 16 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جب کہ 10 سے زائد افراد مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
زہریلی شراب پینے سے ہلاکتوں کے واقعات امنور، مکیر اور کرن پور میں ہوئے ہیں۔

سارن کے سرکاری طبی حکام کا کہنا ہے کہ زیر علاج افراد میں سے کئی کی حالت انتہائی تشویشناک ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
زہریلی شراب سے ہونے والی ہلاکتوں کے بعد مکیر کے ایس ایچ او کو معطل کردیا گیا ہے جب کہ مختلف علاقوں میں شراب کی بھٹیوں پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شراب بنانے والی ایک غیر قانونی بھٹی پر چھاپے کے دوران اس مکروہ دھندے میں ملوث 4 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بہار کا شمار بھارت کی انریاستوں میں ہوتا ہے جہاں کئی برسوں سے شراب پر پابندی ہے۔
پابندی کی وجہ سے قوت خرید رکھنے والے افراد کے لیے شراب کا حصول کوئی مسئلہ نہیں لیکن غربت کا شکار افراد کچی اور زہریلی شراب پیتے ہیں جس کی وجہ سے وہاں آئے روز ہلاکتوں کے واقعات ہوتے رہتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں