ایران کا سیٹیلائٹ کیریئر کے ذریعہ تین تحقیقاتی آلات خلا میں بھیجنے کا دعوی

مشن میں پہلی مرتبہ 470 کلومیٹر کی بلندی اور 7350 کلومیٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے تین آلات خلا میں بھیجے گئے،وزارت دفاع

تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران نے سیٹیلائٹ کیریئر کے ذریعہ تین تحقیقاتی آلات خلا میں کامیابی کے ساتھ بھیجنے کا دعوی کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سیٹیلائٹ کیریئر کے ذریعہ تین تحقیقاتی آلات خلا میں بھیجے گئے تاہم یہ نہیں بتایا گیاکہ راکٹ خلا میں کب بھیجا گیا اور بھیجے گئے یہ آلات کس نوعیت کے تھے۔ابھی یہ بھی واضح نہیں ہے کہ آیا راکٹ اپنے مقررہ مدار میں داخل ہو سکا یا نہیں۔
ایرانی وزارت دفاع کے ترجمان سید احمد حسینی نے بتایا کہ سیمرغ نامی اس راکٹ کو کامیابی سے خلا میں لانچ کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس خلائی تحقیقاتی مشن میں پہلی مرتبہ 470 کلومیٹر کی بلندی اور 7350 کلومیٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے تین آلات خلا میں بھیجے گئے۔
حسینی نے کہا کہ سیٹیلائٹ کی لانچنگ کے تمام مراحل کو درست طریقے سے انجام دیا گیا اور اس لانچ کے مطلوبہ اہداف حاصل کیے گئے ہیں۔

انہوں نے تاہم تحقیقات کی نوعیت کی کوئی تفصیل نہیں بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں مزید راکٹ خلا میں بھیجے جائیں گے۔ایرانی ٹیلی وژن نے بتایا کہ سیمرغ کو امام خمینی خلائی مرکز سے روانہ کیا گیا۔ اس نے راکٹ لانچ کیے جانے کو ایرانی سائنس دانوں کی ایک اور کامیابی قرار دیا۔ایران کی سرکاری میڈیا نے حال ہی میں ملک کے سویلین خلائی پروگرام کے تحت آنے والے دنوں میں خلا میں بھیجے جانے والے سیٹلائٹس کی ایک فہرست پیش کی تھی۔ایران کے پاسداران انقلاب فوج کا اپنا ایک متوازی خلائی پروگرام ہے اور اس نے گزشتہ برس ایک سیٹیلائٹ کامیابی کے ساتھ مدار میں پہنچایا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں