راولپنڈی(سپورٹس ڈیسک) گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج سیٹلائٹ ٹائون نے راولپنڈی بورڈ انٹر کالجیٹ کرکٹ چیمپئن شپ 22 ۔ 2021 کا ٹائٹل جیت لیا۔ فاتح ٹیم نے فیصلہ کن معرکہ میں گورنمنٹ کوہسار یونیورسٹی مری کو 71 رنز سے شکست دی۔
چیمپئن شپ کے اختتام پر پروقار تقریب منعقد کی گئی، ڈویژنل سپورٹس آفیسر وحید بابر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر شمس توحید عباسی، ڈائریکٹر سپورٹس تعلیمی بورڈ صوبیہ سلطانہ چوہدری اور آرگنائزنگ ڈائریکٹر سپورٹس تعلیمی بورڈ چوہدری امیر افضل بھی موجودتھے ۔
چیمپئن شپ کی فاتح ٹیم اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، میڈلز اور سرٹفیکیٹ تقسیم کئے گئے۔ عبدالمنان چیمپئن شپ کے بہترین پلیئر قرار پائے جبکہ حسنین عالم کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ چیمپئن شپ میں ڈویژن بھر سے 16 ٹیموں نے شرکت کی۔