شام: مشرقی صوبے میں آئل فیلڈ کارکنان کی بس پر حملہ، 10 کارکن جاں بحق

شام کے مشرقی صوبے ديرالزور میں آج ایک آئل فیلڈ میں کام کرنے والے کارکنوں کی بس پر حملہ ہوا جس کے نتیجے میں کم ازکم 10 کارکن جاں بحق ہوگئے۔

شام (انٹرنیشنل ڈیسک) شام کے سرکاری خبررساں ادارے ثنا نے کہا ہے کہ اس دہشت گرد حملے میں الخارطہ آئل فیلڈ کے 10 کارکن جاں بحق اور کچھ زخمی ہوئے ہیں۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کارکنان کو کام سے واپس لے جایا جا رہا تھا۔ فوری طور پر کسی نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ الخارطہ آئل فیلڈ ديرالزورشہر سے 20 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع ہے۔
شام میں کام کرنے والی تنظیم آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے بتایا ہے کہ بس حملے میں دھماکا خیز ڈیوائس استعمال کی گئی۔ یہ واقعہ دیرالزور کے اس علاقے میں پیش آیا جہاں داعش کے دہشت گرد جارحانہ کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
آبزرویٹری نے مزید بتایا کہ حکومتی فورسز نے 2017 میں اس علاقے کو داعش کے قبضے سے واپس چھڑا لیا تھا۔ داعش گروپ اب بھی شام کے وسیع صحرا میں خفیہ ٹھکانوں سے سرکاری افواج پر حملہ کرتا ہے۔
آبزرویٹری ہیومن رائٹس کا کہنا ہے کہ حکومت کے اتحادی روس نے گزشتہ دو دنوں میں داعش کے ٹھکانوں پر متعدد فضائی حملے کیے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں