کووڈ کے خطرے کے باوجود یقین ہے مارچ میں ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ بغیر کسی رکاوٹ کے آگے بڑھے گا ،سر رچرڈ ہیڈلی
ویلنگٹن (سپورٹس ڈیسک) نیوزی لینڈ میں آئندہ سال کے آغاز میں ہونے والیآئی سی سی خواتین کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے 100 دن کے کاؤنٹ ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا ہے 100 دن کے کاؤنٹ ڈاؤن کا آغاز نیوزی لینڈ کرکٹ کے لیجنڈ سر رچرڈ ہیڈلی’ 2000 ورلڈ کپ کی فاتح ڈیبی ہاکلے اور نیوزی لینڈ خواتین کرکٹ ٹیم کی نائب کپتان ایمی سٹرتھ ویٹ نے بدھ کو کرائسٹ چرچ ایئرپورٹ پر منعقدہ ایک تقریب میں کیا ایک ماہ تک جاری رہنے والا یہ ورلڈ کپ اب سے 100 دن بعد شروع ہونے والا ہے، جس کے میچز کرائسٹ چرچ، آکلینڈ، ماؤنٹ مونگانوئی، ہیملٹن، ویلنگٹن اور ڈنیڈن میں کھیلے جائیں گے۔
نیوزی لینڈ خواتین کرکٹ ٹیم 4 مارچ کو بے اوول میں ورلڈ کپ کا آغاز کرے گی۔ ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ چار میچز کی میزبانی کرے گا جس میں 31 مارچ کو ایک سیمی فائنل اور 3 اپریل کو فائنل شامل ہے۔
ورلڈ کپ میں ٹوٹل 8 ٹیمیں شرکت کریں گی- پانچ ٹیمیں میزبان نیوزی لینڈ ‘ آسٹریلیا ‘انڈیا ‘ انگلینڈ اور جنوبی افریقہ پہلے ہی کوالیفائی کر چکی ہیں جبکہ بقیہ تین ٹیموں کا فیصلہ کوالیفائنگ راؤنڈ کے بعد ہوگا-اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کرکٹ کے لیجنڈ سر رچرڈ ہیڈلی نے کہا کہ کووڈ کے خطرے کے باوجود انہیں یقین ہے کہ مارچ میں ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ بغیر کسی رکاوٹ کے آگے بڑھے گا وہ سب پراعتماد ہیں کہ یہ کامیاب رہے گا۔
سر رچرڈ نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ کرائسٹ چرچ کے کرکٹ شائقین “آئیں اور کرکٹ کا ایک شاندار کھیل دیکھیں۔