برلن (انٹرنیشنل ڈیسک) یوکرائن کے برلن متعینہ سفیر نے روس کے یوکرائن پر ممکنہ حملے کے بڑھتے ہوئے خطرات سے خبردار کیا ہے۔ آندرچ مًیلنک نے یہ بیان یوکرائن کی سرحد پر روسی دستوں کی تازہ ترین نقل و حرکت کے تناظر میں دیا۔
انہوں نے کہا کہ 2014ئ میں مشرقی یوکرائن اور کریمیا کے کچھ حصوں پر روسی قبضے کے بعد سے روس کے یوکرائن پر حملے کا خطرہ کبھی اتنا شدید نہیں تھا جتنا اس وقت۔
یوکرائن کے علاوہ مغربی ممالک کے خفیہ اداروں نے بھی کہا ہے کہ یوکرائنی سرحد پر روسی فوجی تعیناتی میں بڑے پیمانے پر اضافہ نظر آ رہا ہے۔ یوکرائن کی مشرقی سرحد پر اور روسی سرحد سے متصل یوکرائن کے مقبوضہ صنعتی علاقے ڈونباس میں ایک لاکھ چودہ ہزار روسی فوجی تعینات ہیں۔ یوکرائنی سفیر نے کہا کہ جرمنی کو ان حالات کا سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے۔