حکومت کی کسان دوست پالیسیوں سے بڑی فصلوں کی ریکارڈ پیداوار ہوئی، عمران خان

پیداوار کی اچھی قیمت کیلئے مڈل مین کا کردار ختم کررہے ہیں، چھوٹے کسانوں کو کسان کارڈ فراہم کر رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی جنوبی پنجاب کے کسانوں کے وفد سے گفتگو

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ حکومت کی کسان دوست پالیسیوں سے بڑی فصلوں کی ریکارڈ پیداوار ہوئی، پیداوار کی اچھی قیمت کیلئے مڈل مین کا کردار ختم کررہے ہیں، چھوٹے کسانوں کو کسان کارڈ فراہم کر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے جنوبی پنجاب کے کسانوں کے وفد نے ملاقات کی۔
ملاقات میں کسانوں کو پیداوار کی اچھی قیمت کیلئے مڈل مین کے کردار کو کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت زراعت کی ترقی اور چھوٹے کسانوں کی بہتری کیلئے کسان کارڈ فراہم کررہی ہے۔ حکومت کی بہتر پالیسیوں کے باعث تمام بڑی فصلوں کی ریکارڈ پیداوار ہوئی۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری کے انتظامی امور اور شہری سہولیات میں بہتری کے حوالے سے اجلاس ہوا۔

چیئرمین سی ڈی اے نے اجلاس کو جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت اور انتظامی امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے کہا کے اسلام آباد کےشہریوں کو مہیا سہولیات میں مزید بہتری لائی جائے۔ دارالحکومت میں شہری سہولیات بین الاقوامی معیار کے مطابق ہونی چاہئیں۔ عمران خان نے کہا کہ امن و عامہ، صحت، اور پراپرٹی سے متعلقہ انتظامی امور کو مزید سہل اور موثر بنایا جائے تاکے شہریوں کے مسائل جلد حل ہو سکیں۔
مزید برآں وزیراعظم عمران خان نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ انہوں نے افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی اور ان کے وفد کو یقین دلایا ہے کہ ہم افغانستان کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تمام ممکن امداد فراہم کریں گے اور افغان عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کیلئے ضروری اشیا ءخوردونوش، ہنگامی طبی آلات اور سردی سے بچنے کیلئے سامان بھجوا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سفر کرنے والے تمام افغان شہریوں کو کووڈ۔19 ویکسین مفت فراہم کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ ایک مرتبہ پھر عالمی برادری پر زور دیتے ہیں کہ وہ افغانستان کے عوام کو درپیش سنگین انسانی بحران سے بچنے کیلئے اپنی اجتماعی ذمہ داریاں پوری کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں