میکسیکو میں تیز رفتار ٹرک نے 6 کاروں کو کچل دیا، 19 افراد ہلاک

ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ ٹرک کا بریک فیل ہوجانا لگتا ہے تاہم ابھی تفتیش جاری ہے،پولیس

․میکسیکو سٹی(انٹرنیشنل ڈیسک) میکسیکو کے شہر پیوبلا میں تیز رفتار ٹرک نے ایک مصروف پل پر کاروں کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں 19 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق میکسیکو کے دارالحکومت کو وسطی شہر پیوبلا سے ملانے والی ہائی وے پر شیمپو سے لدا تیز رفتار مال بردار ٹرک 6 گاڑیوں پر چڑھ دوڑا جس سے گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی۔

فائر بریگیڈ نے گاڑیوں پر لگی آگ کو بجھایا جب کہ جائے وقوعہ سے 20 سے زائد افراد کو اسپتال منقتل کیا گیا ہے جہاں 19 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی ہے جب کہ 3 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔پولیس کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ ٹرک کا بریک فیل ہوجانا لگتا ہے تاہم ابھی تفتیش جاری ہے۔ ٹرک ڈرائیور بھی حادثے میں مارا گیا۔ ٹرک کے بریک ایک بوتھ سے ٹکرانے کی وجہ سے فیل ہوئے تھے۔حادثے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں