دبئی 2025 تک ڈھائی کروڑ سیاحوں کو راغب کرنے کے لیے کوشاں

اگلے پانچ سال کے دوران میں صنعتی شعبے کی اضافی قدرمیں 150 فی صد اضافہ متوقع ہے،حاکم دبئی

دبئی (انٹرنیشنل ڈیسک) دبئی کی نظریں 2025 تک ڈھائی کروڑ سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے پر مرکوزہیں۔امارت معیشت اور سیاحت کے محکموں کو ضم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ بات دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن راشد آل مکتوم نے ٹویٹر پر کہی ۔شیخ حمدان کا کہنا تھا کہ ہلال المری کودونوں محکموں کے انضمام سے معرض وجود میں آنے والے نئے محکمہ کا ڈائریکٹرجنرل مقرر کیا جائے گا۔

حاکمِ دبئی شیخ محمدبن راشد آل مکتوم نے کہا کہ نئے محکمے کے ا ہم مقاصد میں اگلے پانچ سال کے دوران میں صنعتی شعبے کی اضافی قدرمیں 150 فی صد اضافہ ، مقامی مصنوعات کی غیرملکی برآمدی منڈیوں تک رسائی میں 50 فی صد توسیع اور سیاحوں کی تعداد میں 40 فیصد اضافہ شامل ہے۔ انھوں نے مزیدکہا کہ امارت آیندہ تین سال میں ایک لاکھ کمپنیوں کو راغب کرنا چاہتی ہے،2025 تک سالانہ 400 عالمی اقتصادی تقریبات کا بھی اہتمام کرنا چاہتی ہے اورنجی شعبے کی کمپنیوں اورخاندانی کاروباروں کو دبئی میں مالیاتی منڈیوں اور اسٹاک ایکسچینج میں اندراج کرانے کی ترغیب دینا چاہتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں