جرمنی میں 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 37 ہزار 120 نئے کیس رپورٹ، مجموعی تعداد 47لاکھ سے متجاوز

برلن (انٹرنیشنل ڈیسک) :یورپی یونین کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک جرمنی میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 37 ہزار 120 نئے کیس سامنے آئے جس کے بعد متاثرہ کیسز کی مجموعی تعداد 47لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق وبائی امراض کی روک تھام کے نگران ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ نے جمعہ کو ایک بیان میں بتایا کہ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران کووڈ۔
19سےمزید 154 اموات کے بعد اس کی مجموعی تعداد96 ہزار 346 ہو گئی ہے ۔ جرمنی کو اس وقت کورونا وائرس کی وبا کی چوتھی لہر کا سامنا ہے۔ پریشان کن بات یہ ہے کہ اس لہر کے دوران یومیہ بنیادوں پر اتنی زیادہ نئی انفیکشنز دیکھنے میں آ رہی ہیں جتنی گزشتہ لہروں کے دوران دیکھنے میں نہیں آئی تھیں۔

اس کا ایک بڑا سبب یہ ہے کہ اب تک صرف 67 فیصد جرمن باشندوں کی مکمل ویکسی نیشن ہوئی ہے اور بہت سے شہری کورونا ویکسین لگوانے میں تاحال ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

جرمن وزیر صحت ژینس اشپاہن کی سربراہی میں ملک کے تمام 16 صوبوں کے وزرائے صحت کا ایک اجلاس ان دنوں لِنڈاؤ شہر میں جاری ہے جس کے شرکا یہ فیصلہ کر چکے ہیں کہ جن شہریوں کی کورونا وائرس کے خلاف ویکسی نیشن مکمل ہو چکی ہے انہیں بوسٹر کے طور پر ویکسین کی تیسری خوراک لگانے کی ملک گیر مہم جلد شروع کر دی جائے گی۔یہ بوسٹر ویکسین ایسے افراد کو لگائی جائے گی جن کی ویکسی نیشن مکمل ہوئے 6 ماہ کا عرصہ گزر چکا ہو۔
لِنڈاؤ کانفرنس میں طبی ماہرین کی مشاورت سے یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ بوسٹر ویکسین لگانے کے لیے بزرگ شہریوں، کمزور جسمانی مدافعتی نظام والے افراد اور طبی شعبے کے کارکنوں کو ترجیح دی جائے گی۔وفاقی وزیر صحت ژینس اشپاہن نے کہا ہے کہ عوام کو کورونا وائرس کے خلاف مکمل تحفظ دینے کے لیے کورونا ویکسین کے بوسٹر شاٹس ہر شہری کو لگائے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں