حوثیوں کی گولہ باری سے تعز میں ایک ہی خاندان کے تین بچے جاں بحق

مارب میں یمنی فوج سے جھڑپیں، حوثیوں کی کئی گاڑیاں تباہ اور 22 جنگجو ہلاک ہوگئے،عسکری بیان

صنعاء(انٹرنیشنل ڈیسک) ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا نے یمن کے علاقے تعز میں وحشیانہ گولہ باری کی ہے جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے کم سے کم تین بچے جاں بحق اور چھ زخمی ہوگئے۔عرب ٹی وی کے مطابق ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا نے الکمب محلے پر ہاورز گولے داغے جس سے 3 بچے جاں بحق اور 6 زخمی ہوئے۔ زخمی ہونے والوں میں ایک بچے کی دونوں ٹانگیں کٹ گئی ہیں اور اس کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔

دوسری جانب یمنی فوج کے میڈیا سینٹر کے ایک بیان کے مطابق حوثی ملیشیا نے ملک کے شمال مشرق میں واقع مآرب گورنری کے جنوب میں مختلف جنگی محاذوں پر گذشتہ گھنٹوں کے دوران بھاری نقصان اٹھایا ۔یمنی فوج نے ایک بیان میں اعلان کیا کہ علی الصبح جھڑپیں شروع ہونے کے بعد ملیشیا کو بھاری جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔فوج کے میڈیا سینٹر کے مطابق فوج اور عوامی مزاحمتی قوتوں نے مآرب کے جنوب میں لڑائی کے دوران دشمن کے کئی حملے ناکام بنا دئیے ۔فوج نے مارب کے مغرب میں الکسارا محاذ پر حوثیوں کا حملہ پسپا کردیا اور جوابی حملے میں حوثیوں کی کئی گاڑیاں تباہ اور 22 جنگجو ہلاک ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں