دمشق کے قریب اسرائیلی بمباری،دوشامی فوجی،پانچ ایرانی جنگجوہلاک

ْاسرائیل نے شمالی سرحد کی طرف سے زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل داغے،شامی فوجی حکام

دمشق(انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیل نے دمشق کے دیہی علاقوں میں متعدد مقامات پر میزائل حملے کیے ۔ ان حملوں میں دو شامی فوجی زخمی ہوئے جب کہ املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔بم دھماکے کی گونج پورے دارالحکومت میں سنائی دی۔میڈیارپورٹس کے مطابق شامی حکومت سے وابستہ ایک فوجی ذریعے نے بتایا کہ اسرائیل نے شمالی سرحد کی طرف سے زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل داغے۔
ان حملوں میں دمشق کے دیہی علاقوں میں کچھ مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ فضائی دفاعی نظام کے دفاعی دستوں نے میزائلوں کا بھرپور جواب دیا اور ان میں سے کچھ کو مار گرایا۔ دمشق میں تھوڑے وقفے سے یکے بعد دیگرے دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔اسرائیل عموما رات کے اوقات میں شام میں بمباری کرتا ہے مگر یہ حملہ دن کے وقت کیا گیا۔

سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق اسرائیلی بمباری میں قدسیا اور دیماس کے مقامات پر لبنانی حزب اللہ اور ایران سے وابستہ ملیشیاں کے اسلحہ اور گولہ بارود کے ڈپو تباہ ہو گئے۔اس بمباری میں ایرانی ملیشیائوں کے پانچ جنگجوئوں کی ہلاکت کی بھی اطلاع ہے۔قابل ذکر ہے کہ 14 اکتوبر کو شامی حکومت کے وفادار 9 جنگجو وسطی صوبے حمص میں تدمر کے علاقے میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں مارے گئے تھے۔ایران کے وفادار دو غیر شامی جنگجوں کی ہلاکت کے ایک ہفتے بعد اسرائیلی حملے تیفور ہوائی اڈے اور اس کے اطراف کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں