وزیراعظم عمران خان کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ

وزیراعظم عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کی تجویز مسترد کر دی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) : وزیراعظم عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کی اوگرا اور وزارت خزانہ کی سمری مسترد کر دی۔
یاد رہے کہ آج صبح یہ خبر موصول ہوئی تھی کہ یکم نومبر سے پٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی ہونے کا امکان ہے۔ پیٹرول ساڑھے 6 روپے فی لٹر تک مہنگا ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا جبکہ فی لیٹر ڈیزل کی قیمت میں آٹھ روپے تک اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل پٹرولیم لیوی اور جی ایس ٹی پر انحصار کرے گا۔
اس وقت ایک لیٹر پیٹرول پر لیوی ایک روپے 62 پیسے ہے۔

جبکہ ایک لیٹر ڈیزل پر لیوی پانچ روپے 14 پیسے ہے۔ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کی وجوہات 26 اکتوبر تک ڈالر اور خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔ واضح رہے کہ 16 اکتوبر کو حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 9 سے12روپے تک کا ہوشربا اضافہ کردیا، عالمی مارکیٹ میں 85 ڈالر فی بیرل تک قیمتیں بڑھ جانے پر اضافہ کیا گیا تھا۔
وفاقی وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ وزارت خزانہ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق قیمتوں میں 9 روپے سے 12روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، حکم نامہ کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے 49 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا۔ وزارت خزانہ کے نوٹیفکیشن کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 137 روپے 79 پیسے ہوگئی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 12روپے 44پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت134روپے48پیسےمقرر کی گئی جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں10روپے95پیسے کا اضافہ کے بعد نئی قیمت 110روپے 26پیسے ہوگئی۔ وزارت خزانہ کی جانب سے لائٹ ڈیزل کی قیمت میں8روپے84پیسے کا اضافہ کیا گیا جس سے لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت108روپے35 پیسے ہوگئی۔ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 16 اکتوبر سے کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں