پاک بھارت کرکٹ میچ پر کروڑوں کا سٹہ لگ گیا

بکیے چھاپوں سے بچنے کیلئے خفیہ مقام پر منتقل ہو گئے، بھارت ہاٹ فیورٹ قرار

لاہور(اسپورٹس ڈیسک) روایتی حریف پاکستان اوربھارت کے درمیان کل (اتوار) کے روز کھیلے جانے والے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے میچ پر کروڑوںروپے کا سٹہ لگ گیا ،بکیوں اورسٹہ کھیلنے والوںنے بھارت کو ہاٹ فیورٹ قرار دے دیا ہے ۔بتایا گیا ہے کہ سٹے بازوں نے بھارت کو ہارٹ فیورٹ قرار دیتے ہوئے بھارت کی جیت کا ریٹ 50 پیسے مقرر جبکہ پاکستان کی جیت کا ریٹ 2 روپے مقرر کیا ہے۔

زیادہ انفرادی سکور کے لیے بھارت کے کے ایل راہول اور ویرات کوہلی فیورٹ قرار دیا گیا ہے، پاکستان کے بابر اعظم اور محمد رضوان انفرادی سکور کے لیے فیورٹ بلے بازوں میں شامل ہیں۔سٹے بازوں نے پاکستانی بیٹرز کو پویلین بھیجنے کے لئے بھارت کے جسپریت بمرا اور روی چندرن آشون فیورٹ جبکہ بھارتی کھلاڑیوں کی وکٹیں اڑانے کے لیے پاکستانی بالر عماد وسیم اور شاہین آفریدی فیورٹ قرار دیئے ہیں۔دوسری جانب بکیے چھاپوں سے بچنے کے لئے خفیہ مقام پر منتقل ہو گئے ہیںجہاںسے میچ پر سٹے کی بکنگ کی جائے گی ۔ ذرائع کے مطابق مختلف تھانوںکی نفری کالعدم تنظیم کے احتجاج کوروکنے کیلئے تعینات ہیں اس لئے چھاپوں کے لئے کوئی خاص منصوبہ بندی نہیں کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں