پاک فوج میں تقرر و تبادلے ; لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو کور کمانڈ پشاور تعینات کر دیا گیا

لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر کو کور کمانڈر گوجرانوالہ تعینات کیا گیا۔ آئی ایس پی آر

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) : پاک فوج میں معمول کے تقرر و تبادلے ہوئے جس کے تحت ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو تبدیل کر دیا گیا۔ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور مقرر کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور تعینات کر دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر کو کور کمانڈر گوجرانوالہ تعینات کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو کوارٹر ماسٹر جنرل تعینات کر دیا گیا۔ خیال رہے کہ قبل ازیں لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے پر تعینات تھے۔ 16 جون 2019ء کو فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو ملک کے اہم ترین خفیہ ادارے انٹرسروسز انٹیلیجنس ایجنسی یعنی آئی ایس آئی کا نیا سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کی جگہ لی تھی جو آٹھ ماہ تک اس عہدے پر فائز رہے۔ جبکہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو اکتوبر 2018ء میں یہ ذمہ داری سونپی گئی تھی جس کے بعد انہیں کور کمانڈر گوجرانوالہ بنا دیا گیا تھا۔ جبکہ فیض حمید کو 2019ء اپریل میں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی ملی تھی اور ڈی جی آئی ایس آئی تعیناتی سے قبل وہ جی ایچ کیو میں ایڈجوٹنٹ جنرل کے عہدے پر فائز تھے۔
تاہم اب لیفٹننٹ جنرل فیض حمید کور کمانڈر پشاور جبکہ لیفٹننٹ جنرل عاصم منیر کو کوارٹر ماسٹر جنرل تعینات کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ تاحال نئے ڈی جی آئی ایس آئی سے متعلق کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔ پاک فوج میں ہونے والے حالیہ تقرر و تبادلوں کے بعد آئی ایس آئی کے نئے سربراہ کا نام جلد سامنے آنے کا امکان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں